پرویز رشید کی قربانی کافی نہیں ٬ وزیراعظم نواز شریف کو بھی مستعفی ہونا پڑے گا ٬حافظ زبیر احمد کار دار

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور این اے 120 کے ٹکٹ ہولڈر حافظ زبیر احمد کار دار نے کہا ہے کہ صرف پرویز رشید کی قربانی کافی نہیں ہے وزیراعظم نواز شریف کو بھی اپنی ذمے داری پوری نہ کرنے پر اور وزراء کا انچارج ہونے کی وجہ سے مستعفی ہونا پڑے گا حکومت کا کوئی بھی وزیر اپنی مرضی سے کچھ نہیں کر سکتا حالات کی تمام تر ذمے داری وزیراعظم پر عائد ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

موہنی روڈ پر پیپلز پارٹی کے زونل آفس میں افضل بٹ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جیالوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ زبیر احمد کاردار نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم نے اپنی پالیسوں سے ملکی حالات کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے پیپلز پارٹی پاکستان کو ایک خوشحال پاکستان بنا کر اپنی مدت پوری کرکے اقتدار سے الگ ہوئی تھی لیکن (ن) لیگ نے اس قدر غیر ملکی قرضے حاصل کئے ہیں کہ اب ان قرضوں کو اتارنے کے لئے بھی مزید قرض حاصل کئے جا رہے ہیں اور پاکستان کا ہر پیدائشی بچہ بھی مقروض ہے غیر ملکی بینکوں کا اس لئے (ن) لیگ سے چھٹکارا حاصل کرنا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔