عالم اسلام آج جن حالات سے دوچارہیں ان کے ذمہ دار مغرب کے کاسہ لیس اور عالمی استعمار کے زرخرید غلام حکمران ہیں

امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان کا بیان

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عالم اسلام آج جن حالات سے دوچارہیں ان کے اصل ذمہ دار مغرب کے کاسہ لیس اور عالمی استعمار کے زرخرید غلام حکمران ہیں ۔ عالم اسلام پر تہذیبی یلغار اور جنگ مسلط کر دی گئی ہے ۔ مساجد و مدارس اور علماء کرام کے خلاف عالمی طاقتوں کے زیر اثر پروپیگینڈہ کیا جارہا ہے ۔

امریکہ عالم اسلام کے لیے تاتاریوں سے بڑا خطرہ ہے ۔ اشاعت والتوحید و السنہ اور جماعت اسلامی پاکستان کے نظریاتی تشخص کے محافظ ہیں اور قرآن و سنت کی اشاعت اور معاشرتی اصلاح کے لیے دارالقرآن پنج پیر اور اشاعت التوحیدو السنہ نے تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔امت مسلمہ کے مسائل کا حل قرآن وسنت سے وابستگی میں ہے ۔

(جاری ہے)

عقید ہ ختم النبوت ٬ ناموس رسالت کا قانون اور قرآن و سنت کو سپریم لاء بنانے اور ان کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

سود کے خلاف جدوجہد ہر محاذ پر جاری رکھیںگے ۔ملک کو اس وقت سب سے بڑا خطرہ کرپشن اور کرپٹ نظام سے ہے اور ملک میں اسلامی نظام کے راستے میں کرپٹ ٹولہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔بندوق کے بجائے عوامی حمایت سے ملک میں تبدیلی اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریں گے ۔ صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی مخالفت کریں گے اور پی ٹی آئی سے اتحاد صوبائی حکومت تک محدود ہیں ۔

دارالقرآن ٬ مولانا طاہری اور شیخ القرآن مولانا طیب طاہری کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ وہ دارالقرآن پنج پیر صوابی میں اشاعت التوحید والسنہ کے سالانہ اجتماع سے خطا ب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مولانا طیب طاہری اور جمعیت اتحاد العلماء کے صوبائی صدر مولانا عبدالاکبر چتر الی نے بھی خطا ب کیا۔

مشتاق احمد خان نے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دشمن چاہتاہے کہ پاکستان اسلامی نہ رہے اور لبرل بن جائے اب یہ مسئلہ انتہا کو پہنچ چکاہے عالمی استعمار پاکستان کو اپنے لیے ایک بہت بڑا خطرہ سمجھتاہے اور دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی قوت کو انتشار اور فساد میں مبتلا رکھناچاہتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری شناخت کو ختم کرنے کے لیے دشمن اسلام پر حملہ آور ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج بھی اگر دینی قوتیں متحد ہو کر میدان میں نکل آئیں تو گلی کوچوں سے عوام اس تحریک کی پشت پر کھڑے ہوجائیں گے ۔