Live Updates

دھرنوں سے ترقی کا راستہ روکنا ایک بڑا جرم اور 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے٬ اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دے کرپاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیخلاف ناپاک سازش کی جارہی ہے٬ تحریک انصاف اپنے نام کے برعکس نا انصاف پارٹی بن چکی ہے جس نے انصاف کے ہر فورم پر ہونیوالے فیصلوں کورد کیا ہے٬حکومت نے منصوبوں کی بروقت ٬شفاف اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا ہے٬ مخالفین ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکتے٬سی پیک کی مخالفت پاکستان کی ترقی کی مخالفت ہے٬ باشعور عوام کسی کو بھی ترقی کا راستہ روکنے نہیں دینگے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی لیگی وفد سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے بجلی کے اندھیرے ہمیشہ کیلئے چھٹ جائیں گے۔سی پیک کے تحت 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میں ہو رہی ہے۔ سی پیک کے تحت سندھ٬ بلوچستان٬ کے پی کے٬ پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔

گزشتہ پندرہ سولہ سال سے جاری لوڈشیڈنگ نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت ٬شفاف اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔ مخالفین ترقیاتی منصوبوں میں ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

ماضی میں کوئی ایسا منصوبہ نہیں جو بروقت مکمل ہوا ہو۔ پنجاب حکومت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرکے نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔

وہ اتوار کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے٬جس نے آج ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک طرف جب ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن ہوچکا ہے تو دوسری طرف اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دے کرپاکستان کے خلاف ناپاک سازش کی جارہی ہے ۔ اسلام آبادبند کرنے کی دھمکی دینے والے پاکستان سے کھلی دشمنی کررہے ہیں ۔یہ شکست خوردہ عناصر پاکستانی عوام کی ترقی اورخوشحالی کا دھڑن تختہ کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں ۔

اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا دروازہ بند کرنے کی سازش ہے اور ان شکست خوردہ سیاسی عناصر کے غیر جمہوری ہتھکنڈے پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکے ہیں ۔ تحریک انصاف اپنے نام کے برعکس نا انصاف پارٹی بن چکی ہے اوراس جماعت نے انصاف کے ہر فورم پر ہونے والے فیصلوں کو ماننے سے انکار کیا ہے ۔ باشعور پاکستانی عوام شکست خوردہ عناصرکو ہر سطح پر مسترد کرچکے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ 2014 میںدھرنوں اور احتجاج کی سیاست نے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایااور آج سی پیک کے منصوبوں کی خارجی اور اندرونی سطح پر مخالفت ہو رہی ہے۔ اگر اس وقت دھرنے نہ دیئے جاتے تو کئی منصوبے اب تک مکمل ہوچکے ہوتے۔دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنا ایک بڑا جرم اور پاکستان کے 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ ترقی کا عمل روکنے والوں کا عوام خود محاسبہ کریں گے۔ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے٬ اس کی مخالفت درحقیقت پاکستان کی ترقی کی مخالفت ہے۔پاکستان کے باشعور عوام کسی کو بھی ترقی کا راستہ روکنے نہیں دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات