ن) لیگ کی قیادت اپنے پائوں پروار کرنے کیلئے کلہاڑی ہمیشہ اپنے کندھے پر رکھتی ہے‘ اعتزاز احسن

قومی سلامتی کے اجلاس کی خبر لیک ہونے کا معاملہ بہت آگے جاتاہوا دکھائی دے رہا ہے‘ مرکزی رہنما پی پی

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت ہمیشہ کندھے پر کلہاڑی رکھ کر اقتدار میں آتی ہے اوراپنے پائوں پر خود کلہاڑی مارنے میں اس کا کوئی ثانی نہیں٬قومی سلامتی کے اجلاس کی خبر لیک ہونے کا معاملہ وزیر اطلاعات کو عہدے سے ہٹانے سے ختم نہیں ہوگا بلکہ یہ بہت آگے جاتاہوا دکھائی دے رہا ہے ٬ حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے معاملے پرپہلے روز سے مسل دکھانے کی پالیسی اپنا رکھی ہے جسکے منفی نتائج نکلیں گے۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ وژن سے عاری ہیں اور اس لئے ’’ ڈیلی ویجز ‘‘ کی بنیاد پر سیاست کرتے ہیں ۔ حکومت میں شامل بعض لوگوں کا کردار خود اس کے لئے مسائل کا باعث بنتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت تجربہ کار ہونے کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن ان کا یہ تجربہ سیاست نہیں بلکہ کرپشن کرنے میں ہے ۔موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن کے اپنے ہی ریکارڈ توڑ ے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے معاملے میں حکومت نے جان بوجھ کر حالات خراب کئے ۔شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ پانامہ لیکس کا معاملہ اب ایسے ختم نہیں ہوگا بلکہ اس کے لئے حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں آنا ہوگا۔