پنجاب میں دفعہ 144نافذ ٬خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا‘ وزیر قانون پنجاب

عمران خان اپنی زندگی تو تباہ کر چکے ہیں اب ملک و قوم کی قسمت سے نہ کھیلیں ‘ رانا ثنا اللہ خان کی انٹر ویو میں گفتگو

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما کی گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہونے سے ہمارے دھرنا خان کے خطرناک منصوبے بارے خدشات درست ثابت ہوئے ہیں٬عمران خان اپنی زندگی توتباہ کر چکے ہیں لیکن اب وہ عوام کی زندگیوں کو بھی تباہ کرنے پر تُل گئے ہیں ٬قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا ۔

ایک انٹر ویو میں رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے لیکن عمران خان کو یہ ترقی ہضم نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ اپنے قائد نواز شریف کی قیادت میں صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ اپنے سربراہ کی قیادت میں نہ صرف اپنے صوبے بلکہ ملک و قوم کی ترقی کے درپے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غیر جمہوری سوچ کی وجہ سے ان کی اپنی جماعت کے سنجیدہ لوگ بھی پریشان ہیں اور وہ اس کا برملا اظہار بھی کر چکے ہیں۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ پنجاب میں دفعہ 144نافذ ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف یقینا قانون حرکت میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی زندگی تو تباہ کر چکے ہیں اب ملک و قوم کی قسمت سے نہ کھیلیں ۔ 2018ء کا انتظار کریں انہیں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا ۔