آن لائن سسٹم میں خرابیوں کے باعث تاجر سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواسکے‘میاں طارق فیروز

تاجر برادری حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) انجمن تاجران لاہور کے صدر میاں طارق فیروز نے کہا ہے کہ ملکی حالات کے پیش نظر مارکیٹوں میں منداہونے اورآن لائن سسٹم میں خرابیوں کیوجہ سے بیشتر تاجر سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواسکے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ملکی سیاسی صورتحال میں عدم استحکام ایف بی آر کے خودکار نظام خرابی کی وجہ سے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں ہو سکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ اگر یہ نظام کام بھی کر رہا ہو تا تب بھی اس ویب پورٹل میں ٹیکس گزاروں کو انتہائی سست روی کا سامنا کرنا پڑتا ایسے حالات میں ٹیکس گزار نہ تو انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروا پاتے اور نہ ہی ویلتھ اسٹیٹمنٹ اور ٹیکس جمع کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم میں پچیدگیاں ٹیکس پیئرز کیلئے نئی نہیں ہیں کیونکہ ہر سال ہی انہیں اس عمل سے گزرتے ہوئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے FBRاور ٹیکس گزاروں کے درمیان اعتماد میں نمایاں کمی نظر آتی ہے ابھی تو آبادی کا صرف 1 % طبقہ ٹیکس نیٹ میں ہے جب ان کی تعداد بڑھ گئی تو تب محکمہ کیا کرے گا ۔

انہوں نے کہاکہ تاجر برادری حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے ۔