ڈاکٹر طاہر القادری نے بتا دیا تھا پرویز رشید کو ہٹانا ڈرامہ ہے٬ چودھری نثار کی کانفرنس سے تصدیق ہو گئی‘خرم نواز گنڈاپور

چودھری نثار واضح کریں ان کی سیاست نواز شریف کیلئے ہے یا پاکستان اور اس کے عوام کیلئے٬پانامہ لیکس ٬سرل لیکس اور سانحہ ماڈل ٹائون کے پیچھے شریف برادران ہیں‘ پریس کانفرنس پر ردعمل

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے چودھری نثار کی پریس کانفرنس پر اپنے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے گزشتہ روز کہہ دیا تھا پرویز رشید کو ہٹانے کا ڈرامہ کیا جارہا ہے٬ کسی کو کچھ نہیں ہو گا٬چودھری نثار کی پریس کانفرنس سے اس کی تصدیق ہو گئی٬چودھری نثار واضح کریں ان کی سیاست کرپٹ وزیراعظم کیلئے ہے یا پاکستان اور اس کے عوام کیلئے٬ پانامہ لیکس ٬سرل لیکس اور سانحہ ماڈل ٹائون کے پیچھے شریف برادران ہیں اور اب ان کے جرائم پر کوئی مٹی نہیں ڈال سکتا۔

گزشتہ روز انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرل لیکس براہ راست پاکستان کی سلامتی پر حملہ ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کتنی معصومیت کے ساتھ کہہ دیا کہ پرویز رشید کو خبر رکوانی چاہیے تھی ۔ یہ صرف خبر نہ رکوانے کا جرم نہیں بلکہ افواج پاکستان کو پوری دنیا کے اندر بدنام کرنے کی سوچی سمجھی سازش تھی۔ جس کے منصوبہ ساز وزیراعظم اور سہولت کار پرویز رشید اور دیگر افسران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چودھری نثار نے ایک سنگین معاملے پر مٹی ڈالنے کی کوشش کی مگر اب مٹی نواز شریف کی سیاست پر پڑ کر رہے گی۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار اپنی طویل ترین بورنگ میڈیا ٹاکس میں قوم کا وقت ضائع کرنے کی بجائے حلف کی پاسداری نہ کرنے والے غداروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ریلیوں اور جلسوں سے نہیں ملک اس وقت بدنام ہوتا ہے جب اس کا وزیراعظم کرپشن کرتا ہے۔

ملک و قوم کی دولت لوٹ کر آف شور کمپنیاں بناتا ہے۔بے گناہ شہریوں کو قتل کرواتا ہے٬ خواتین کے چہروں پر تھپڑ اور گولیاں مرواتا ہے۔ جب دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے ترتیب دئیے جانے والے ایکشن پلان کو ناکام بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے درست کہا کہ حکمران قومی سلامتی کے حملوں پر مٹی ڈالیں گے اور کچھ عرصہ بعد پرویز رشید سمیت جتنے لوگ بھی عہدوں سے ہٹائے جائینگے بحال کر دئیے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ چودھری نثار پاکستان اور جمہوریت سے مخلص ہیں تو پھر کرپٹ وزیراعظم کو پانامہ کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک مستعفی ہونے کا مشورہ دیں اور سانحہ ماڈل ٹائون جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی طرف سے اسلام آباد آنے والے راستوں کو بند کرنے کا مطلب فیڈریشن کو نقصان پہنچانا ہے اور یہ کام کرپٹ نواز لیگ اپنی کرپشن بچانے کیلئے کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار نے حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی پانامہ لیکس ہو٬ سانحہ ماڈل ٹائون ہو یا سرل لیکس ہر جرم کے پیچھے میاں نواز شریف اور ان کے درباری ہیں۔