ٹورازم کارپوریشن کے تعاون سے خواتین کیلئے مینا بازار کا انعقاد

شہر بھر کی خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت ٬ 45مختلف سٹالز سجائے گئے تھے ٬ سماجی کارکن نویدہ عمر بیگ نے افتتاح کیا مینا بازار کے انعقاد کا مقصد خواتین کے ہنر کو پروموٹ کرنے کیلئے پلیٹ فارم مہیاکرنا ہے٬ صدر شاہینہ عثمان

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء)ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور انٹرنیشنل ویمن کلب کے باہمی اشتراک سے پشاور سروسز کلب میں خواتین کیلئے ایک روزہ مینا بازار کا انعقاد کیا گیا جس میں 45 مختلف سٹالز سجائے گئے تھے ٬ اس موقع پر مینا بازار کا افتتاح سماجی کارکن محترمہ نویدہ عمر بیگ نے فیتہ کا ٹ کر کیا جبکہ ان کے ہمراہ صدر انٹرنیشنل ویمن کلب محترمہ شاہینہ عثمان٬ روحی ظاہر شاہ٬ جلوہ درانی ٬ مسز ناز الہٰی ٬ نورجہاں خٹک ٬ زاہدہ رئوف٬ مسز نوید شبیر اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں٬ صوبہ کی خواتین کیلئے منعقدہ ایک روزہ مینا بازار میں مختلف گھرانوں کی خواتین نے 45سٹالز سجائے ٬ ان میں کھانے پینے کی اشیاء ٬چپل کباب٬ بار بی کیو٬ بریانی ٬ گول گپے٬بیکری ٬ چیپس ٬ کلفی ٬سٹہ٬ کچالو پیڑا٬ پیزا٬ چکن تکہ جبکہ دیگر سٹالز میں مہندی سٹالز٬ مختلف ثقافتی اشیاء ٬ شالز٬ کپڑے ٬ آرٹیفیشل جیولری ٬ سٹونز ٬ میک اپ کا سامان٬ چلڈرن ہائوس ٬ چلڈرن پلے لینڈاور دیگر کافی اشیاء شامل تھیں٬ مینا بازار میں آنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے اس اقسام کی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے جس سے خواتین کی حوصلہ افزائی ہو سکے اور ان کو گھروں میں تیار کرنے والی اشیائے خوردونوش اور دیگر باہر پیش کرنے کا موقع ملے ٬ مہمان خصوصی نویدہ عمر بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انٹرنیشنل ویمن کلب خواتین کو ہر مقام پر سپورٹ کرتی رہی ہے اور یہ اسی کی ایک کڑی ہے ٬ مس شاہینہ عثمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مینا بازار کے انعقاد کا مقصد خواتین کو گھروں میں تیار کرنے والی اشیاء کو باہر شو کرنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے انٹرنیشنل ویمن کلب 1975 سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ٬ اس مینا بازار سے جمع ہونے والی آمدن مختلف سوشل کاموں میں لگائی جائے گی اس سے قبل بھی کلب نے کینسر ہسپتال ٬ سوشل اقدامات ٬ غریب فیملیز کی خدمت اور دیگر مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔