جامعہ کراچی: شعبہ اسلامک ہسٹری کے نوتزئین و آرائش کردہ عمارت اور لائبریری کی افتتاحی تقریب

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا ہے کہ مہنگائی کے اِس دور میں نئی کتابیں خریدنا اکثریت کے لئے مشکل ہو گیا ہے٬ اِس اعتبار سے کتب خانوں کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے جہاں آسانی کے ساتھ جدید تصانیف سے استفادہ کیا جا سکتا ہے٬ کتب بینی ذہنی بالیدگی اور فکروشعور کو جلا دیتی ہے اور اس کے ساتھ وجدان کو نئی جہت عطا کرتی ہے٬ افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ کتب بینی کے بجائے انٹرنیٹ کے استعمال کو ناگزیر خیال کرتا ہے٬ کتابوں سے دوری اخلاق اور اقدار کے زوال کا باعث ہو رہی ہے٬ جامعہ کراچی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ اسلامک ہسٹری کے نوتزئین وآرائش کردہ عمارت٬ لائبریری اور نوتعمیر گارڈن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شیخ الجامعہ نے شعبہ اسلامک ہسٹری کے چیئرمین ڈاکٹر محمد زبیر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعبہ کے لئے ان کی خدمات لائق تحسین ہیں جس میں پر ڈاکٹر محمد زبیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد زبیر نے کہا کہ طلبہ کو صاف شفاف ماحول مہیا کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ جامعہ کراچی کے طلباو طالبات کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں٬ میں شعبہ اسلامک ہسٹری کے طلباوطالبات کا بھی بیحد مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ شعبہ کی بہتری کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کیا اور مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

ڈاکٹر زبیر نے مزید کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی میں اس کے اساتذہ کے ساتھ ساتھ طلبہ کا بھی بہت اہم کردار ہوتا ہے لیکن ذمہ داری زیادہ استاد کی ہوتی ہے کیونکہ وہ ان کے بہتر مستقبل کے لئے رہنمائی کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ تقریب میں ڈاکٹر فرزانہ جبین٬ ڈاکٹر حافظ سہیل شفیق٬ ڈاکٹر عظمیٰ پروین٬ ڈاکٹر صوفیہ فرناز٬ ڈاکٹر ثمینہ حسنین٬ ڈاکٹر فرح اور دیگر بھی موجود تھے۔