پروفیسر ساجد میر کی قیادت میںحوثیوںکی طرف سے میزائل سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کے خلاف دفاع حرمین ریلی

بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر حرمین کے دفاع کے لیے پاک فوج کے خصوصی دستے سعودی عرب بھیجے جائیں‘ پروفیسر ساجد میر کا مطالبہ

اتوار 30 اکتوبر 2016 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2016ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسرساجد میر کی قیادت میں مرکز106راوی روڈ پر دفاع حرمین ریلی نکالی گئی‘ حوثی باغیوںکی طرف سے میزائل سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کے خلاف نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میرنے مطالبہ کیا کہ حوثی باغیوں کی جارحیت اور بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر حرمین کے دفاع کے لیے فوری طور پر پاک فوج کے خصوصی دستے سعودی عرب بھیجے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا محورومرکز ہے٬اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنا اور میزائل سے حملہ کرناعالم اسلام کے خلاف سب سے بڑا حملہ ہے اور یہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے انتہائی باعث تشویش ہے۔

(جاری ہے)

حوثی باغیوں نے بلیسٹک میزائل سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنا کر پوری دنیا کے مسلمانوں پر حملہ کیا ہے اور یہ عالم اسلام کی تاریخ میں سب سے شرمناک حادثہ ہے٬جن لوگوں نے مکہ مکرمہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی ہے وہ پوری مسلم دنیا کے مجرم ہیں اور ایسے لوگ ناقابل معافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یمن سے حوثی باغیوں کے ذریعہ مکہ مکرمہ پر کئے جانے والے حملہ سے پوری دنیا میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے اور ہر مسلمان فکرمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اتحاد کے افواج کی دفاعی طاقت قابل ستائش ہے جنہوں نے بیلیسٹک میزائل کے حملہ کو فضائمیں ہی ناکام بنا دیا اور اس طرح دشمنان اسلام کی مکروہ سازش ناکام ہوئی۔ پروفیسر ساجد میر نے سوال اٹھایا کہ طالبان کو دہشتگرد کہنے والوں کی زبانیں حوثی باغیوں پر کیوں بند ہیں٬ نے حکومت سے فوی طور پر فوج سعودی عرب بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے اور پوچھا ہے کہ کیا ہم دہشت گردوں کے حرمین میں داخل ہونے کا انتظار کررہے ہیں اگرکوئی سمجھتا ہے کہ اسلحہ کے زور پر مقامات مقد سہ پر قبضہ کر لے گا تو یہ اس کی بھول ہے٬پارلیمنٹ کی قرارداد کے کل بھی مخالف تھے اور اب بھی ہیں٬ کوئی بھی پارلیمنٹ حرمین شریفین سے زیادہ مقدس نہیں ہو سکتی۔

پروفیسر ساجد میر نے شرکائسے حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہرقسم کی جانی ومالی قربانی کا حلف لیا٬ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا دشمن اسلام اور پاکستان کا دشمن ہے سعودی عرب کا دفاع پاکستان اور عالم اسلام کا دفاع ہے٬طالبان کو خوارج اور دہشت گرد کہنے والوں کی زبانیں یمن کے حوثی باغیوں کے بارے میں کیوں بند ہو گئی ہیں۔ بندوق کے زور پر آئینی حکومتوں کا تختہ الٹنے کی روایت ختم کرنا ہو گی٬ سعودی عرب نے پاکستان سے پہلی دفعہ باضابطہ فوجی مدد مانگی ہے جبکہ ہم متعدد مرتبہ سعودی عرب سے امداد لے چکے ہیں٬پاک فوج سعودی عرب بھیجنا پاکستان کے لئے اعزاز ہو گا٬ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قرارداد عوامی جذبات کی حقیقی ترجمان نہیں تھی۔

قبل ازیں پروفیسر ساجد میر نے اہل حدیث یوتھ فورس کے انتخابی اجلاس سے خطاب کیا۔ مرکزی شوری نے آئندہ چار سال کے لیے متفقہ طور پر اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کی صدارت کے لیے حافظ فیصل افضل شیخ اورجنرل سیکرٹری حافظ عامر صدیقی کا انتخاب کیا۔ جن سے مرکزی امیر نے حلف لیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی نومنتخب قیادت ملک بھر میں قرآن وسنت کی بالادستی کے لیے اہل حدیث نوجوانوں کو متحرک کرنے میں فعال کردار ادا کریگی۔