Live Updates

وزیر داخلہ تحریک انصاف کا دھرنا منصوبہ سامنے لے آئے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 30 اکتوبر 2016 17:02

وزیر داخلہ تحریک انصاف کا دھرنا منصوبہ سامنے لے آئے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30اکتوبر۔2016ء) پی ٹی آئی کے اسلام آباد کو 2 نومبر کو بند کرنے کے اعلان کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ اسکولوں کا کھلا رہنا، ہسپتالوں کے راستے کھلے رہنا، شہریوں کی زندگی متاثر نہ ہونا، سرکاری دفاتر، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کھلے رہنا میری ذمہ داری اور شہریوں کا حق ہے۔ 2014 میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے دھرنے کا حوالہ دے کر انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی جب دھرنے کے آخری دن تھے تو بھی ان کو زبردستی نہیں اٹھایا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ اب اعلان کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کو بند کریں گے،دھرنا دینے والوں کا اس مرتبہ پاک سیکرٹریٹ میں گھسنے کا منصوبہ ہے۔ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، ایٹمی ملک ہونے کی وجہ سے اس کی دشمن پر ایک رعب ہے، دارالحکومت بند ہونے سے یہ بات ہو گی کہ یہ کیسا ملک ہے کہ ایک جھتہ آتا ہے اور زور زبردستی سے دارالحکومت کو بند کروا دیا جاتا ہے، اس سے حکومت کی نہیں ملک کی بند نامی ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کو لاک ڈاؤن کرنے کااعلان ریاست کے خلاف جرم ہے۔ چوہدری نثار نے بتایا کہ پولیس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نہیں ہے، یہ ریاست کی فورس ہے، اس نے ہی حکومت کی عمل داری قائم کی ہے، آئندہ بھی اسی طرح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کی بہت سی خوبیوں سے واقف ہیں۔ عمران خان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ یہ جو بیج بوئے جا رہے ہیں اس سے وفاقی کی بنیادیں ہل جائیں گی، ایک صوبے کو وفاق کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے، 10،15ہزار کاجتھہ دارالحکومت پرقبضہ کرکے اپنی بات نہیں منواسکتا، کیا کوئی صوبائی حکومت وفاق کے خلاف اعلان جنگ کرسکتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات