معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے اورلائسنسوں کے حصول کیلئے محکمہ معدنیا ت میں یکم نومبر 2016سے آن لائن درخواستوں کی وصولی شروع ہوگی٬آنیسہ زیب

دسمبر 2016ء میں درخواستوں کی جانچ پڑتال اور منظوری کے مراحل زیر غور آئیں گے اور یکم جنوری 2017سے لیزوں کیلئے لائسنسز دینے کا باضابطہ آغاز کیا جائیگا

اتوار 30 اکتوبر 2016 17:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء)خیبر پختونخوا حکومت صوبے کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے اور مختلف معدنی اقسام کی لائسنسوں کے حصول کیلئے محکمہ معدنیا ت میں یکم نومبر 2016سے آن لائن درخواستوں کی وصولی شروع کر رہی ہے۔اس طرح اس سال نومبر کے مہینے میں خواہشمند حضرات لیزوں کی حصول کیلئے درخواستیں دے سکیں گے جبکہ دسمبر 2016ء میں درخواستوں کی جانچ پڑتال اور منظوری کے مراحل زیر غور آئیں گے اور یکم جنوری 2017سے لیزوں کیلئے لائسنسز دینے کا باضابطہ آغاز کیا جائیگا ۔

یہ فیصلے صوبائی وزیر معد نی ترقی و محنت انیسہ زیب طاہر خیلی کی زیر صدارت انکے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ معدنیا ت کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران کئے گئے جس میں سیکرٹری معدنی ترقی سید عبدالجبار شاہ ٬ڈی جی معدنیات فضل واحد ٬ڈائریکٹر پلاننگ معدنیا ت سید بلال خسرو٬ چیف کمشنر مائنز زیارت خان اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران محکمہ معدنیا ت کے جی آئی ایس اور ایم آئی ایس سسٹم کو موثر بنانے اور حکومت کی امنگوں کے مطابق محکمہ معدنیات میں لیزوں کے حصول کیلئے آن لائن درخواستوں کے سلسلے میں تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے ہدایت کی کہ محکمہ معدنیات کی منرل ٹائٹلز کمیٹی (MTC)کے اجلاس کا جلد انعقاد کیا جائے تاکہ تمام انتظامات کی حتمی منظوری دی جاسکے اور درخواستیں جمع کرنے کی بابت شیڈول جاری کیا جائے جو کہ ایک قانونی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں تمام مراحل میں شفافیت پر مبنی اور غلطیوں کی گنجائش سے پاک طریقہ کار کو یقینی بنایا جائے تاکہ متعارف کردہ آن لائن نظام سے استفادہ حاصل کرکے لیزوں کے حصول کیلئے آن لائن درخواستوں کا آغاز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے لائسنس و لیز جاری کرنے کے طریقہ کار کو سہل اور شفاف بنایا ہے ۔

یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے ڈائریکٹور یٹ جنرل معدنیات میں ایک فیسلیٹیشن سنٹر بھی قائم کیا جارہا ہے جہاں پر درخواست گزار اپنی آن لائن درخواستوں کے ٹوکن سمیت دیگر ضروری دستاویزات جمع کرائیں گے جس کے بعد ان کی ضروری جانچ پڑتال کی جائے گی ۔اس ضمن میں خواہشمند سرمایہ کاروں کیلئے ایک ترغیبی و تشہیری مہم کے ساتھ ساتھ ان کو بروقت معلومات کی فراہمی کیلئے بھی انتظامات کئے جائیں گے اور خاص طور پر محکمہ معدنیات کی ویب سائٹ پر تمام معلومات ہمہ وقت میسر ہونگی۔