رول بیک شروع ہو چکا ٬فوجی افسر کی شہادت کے ذمہ دار حکمران ہیں‘عبدالعلیم خان

شاہی خاندان کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا ٬عوام اس مرتبہ بھاگنے نہیں دینگے ‘کارکنوں سے گفتگو

اتوار 30 اکتوبر 2016 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کرپٹ اور فوج دشمن حکمرانوں کا"رول بیک"شروع ہو چکا اب ایک ایک کر کے مزید چہرے سامنے آنا شروع ہو جائیں گے اور خود کو معصوم اور بے گناہ کہنے والوں کی اصلیت سب کے سامنے آ جائے گی ٬کنٹینر لگانے کے باعث شہید ہونے والے فوجی افسرکا خون حکمرانوں کے سر ہے جنہوں نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راستے بند کیے٬صوبوں کا رابطہ منقطع کرنا صوبائی منافرت پھیلانے کی مذموم کوشش ہے جس سے جی ٹی روڈ کی پارٹی نورا لیگ رہی سہی مقبولیت بھی کھو بیٹھے گی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا موجودہ حکمرانوں کے بارے میں موقف مکمل طور پر سچ ثابت ہوا اب انہیں تلاشی اور رسیدوں کے ساتھ ساتھ مزید ثبوت دینا ہو ں گے اور نومبر میں ہی پاکستانی قوم کو خوشخبری مل جائے گی عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک میں سیاسی بحران پید ا کرنے کی ذمہ داربھی نواز شریف اور اُن کی ٹیم ہے جنہوں نے پاناما لیکس پر سامنے آنے والے سچ سے آنکھیں بند کرنے کی ناکام کوشش کی ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سنٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع سے اسلام آباد پہنچنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ 2نومبر سے پہلے ہی پی ٹی آئی کے لاکھوں کارکن اسلام آباد کی شاہراہوں پر ہوں گے اور حکمرانوں کو استعفے یا تلاشی پر مجبور کر دیا جائے گا انہوں نے سنٹرل پنجاب سے پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد میںاسلام آبادپہنچنے کو خوش آئند قرار دیا حافظ آباد٬منڈی بہاؤالدین ٬قصور٬شیخوپورہ٬ننکانہ صاحب ٬سیالکوٹ ٬نارووال ٬گجرات اور گجرانوالہ سے پارٹی رہنماؤں نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور انہیں 2نومبر کے مختلف انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی عبدالعلیم خان نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ بنی گالہ کے باہر کارکنوں کیلئے رہائش اور قیام و طعام کا جائزہ لیا اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کا حوصلہ بلند ہے اور وہ جلد از جلد موجودہ حکومت سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔