ترک تھنک ٹینک اور دانشوروں کا مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی بھر پور حمایت اور مدد کے عزم کا اعادہ

اتوار 30 اکتوبر 2016 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) ترک تھنک ٹینک اور دانشوروں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی بھر پور مدد کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور بھارت اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس دیرینہ حل طلب تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی روشنی میں کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ۔

اتوار کو یہاں موصولہ پیغام کے مطابق کشمیر ان گلوبل اینڈ ریجنل پولیٹکس کے عنوان سے پینل ڈسکشن کااہتمام تھنک ٹینک سائوتھ ایشیاء سٹریٹیجیک ریسرچ سینٹر نے سلطان محمد یونیورسٹی کے اشتراک سے استنبول میں کیا تھا۔ یہ مذاکرہ کشمیروں پر بھارتی مظالم کے خلاف منائے جانے والے یوم سیاہ کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو بھارت حکومت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بہیمانہ مظالم اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے سیاسی رہنمائوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیری عوام کی اس وقت تک سیاسی ٬ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے جب تک کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے تحت غیر جانبدارانہ اور آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل نہیں ہو جاتا۔

اس موقع پر ترک پارلیمنٹ کے رکن اور پاکستان ترک پارلیمنٹری گروپ کے چیئر مین محمد بالتا نے اپنے خطاب میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور ان کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا بھی ذکر کیا ۔ مذاکرہ کے پینلسٹس میں اسلامی ورلڈ کے سیکرٹری جنرل علی کرت ٬ پروفیسر سالم اگلو صحافی اور ترک ادیب بھی شامل تھے مقررین نے اپنے خطاب میں مسئلہ کے انسانی٬ قانونی ٬ تاریخی اور سیاسی پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :