چینی امداد کے بہترین نتائج برآمد ہو رہے ہیں

چین ایتھوپیا کے ہزاروں افراد کو تربیت دے رہا ہے ٬ وزیر خزانہ

اتوار 30 اکتوبر 2016 14:50

عدیس ابابا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2016ء)ایتھوپیا اور چین ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مسلسل فروغ دے رہے ہیں ٬ ایتھوپیا کی صنعتی استعداد میں اضافے کیلئے چینی تعاون قابل تحسین ہے ٬ چین ایتھوپیا کے انسانی وسال کی ترقی کیلئے مختصر اور طویل المدتی تربیت فراہم کر رہا ہے جس سے ایتھوپیا کے ہزاروں افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں ٬ یہ پروگرام ایتھوپیا کی وزارت خزانہ اور اقتصادی تعاون کے تحت جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار خزانہ اور اقتصادی تعاون کے وزیر مملکت احمد شید ے نے تربیتی پروگرام کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چین کی مسلسل اور اضافی مدد کی ضرورت ہے ٬ ایتھوپیا چین کے ساتھ جامع تعاون چاہتا ہے اور اب تک اس کے تعاون کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں ٬ چین اور ایتھوپیا کے درمیان ترقیاتی تعاون حالیہ دنوں میں بہت فروغ پذیر ہو ا ہے ٬ یہ تعاون اپنے نتائج اور حجم کے لحاظ سے حوصلہ افزا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چینی حکومت کی طرف سے ایتھوپیا کے انسانی وسائل کی تربیت کیلئے شروع کئے گئے پروگرام سے 4000سے زیادہ افراد کو تربیت دی جا چکی ہے ٬ ان میں سے بہت سارے چینی تجربات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور اپنے ملک کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں ۔