اوپن یونیورسٹی کے امتحانات یکم نومبر سے راولپنڈی/اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے

اتوار 30 اکتوبر 2016 14:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اکتوبر2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار 2016ء میں پیش کئے گئے پی جی ڈی ٬ْ ایم اے ٬ْ ایم ایس سی ٬ْ ایم ایس ٬ْ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے فائنل امتحانات منگل یکم نومبر2016ء سے راولپنڈی /اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے ۔ امتحانات میں شرکت کے اہل تمام اُمیدواروں کو ڈاک کے ذریعہ رول نمبر سلپ ارسال کر دی گئی ہیں ۔

طالب علموں کی سہولت کیلئے رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائیٹ www.aiou.edu.pk پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کرکے حاصل کی گئی رول نمبر سلپ بھی امتحان میں شرکت کے لئے قابل قبول ہوگی-وائس چانسلر ٬ْ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی خصوصی ہدایت پر طلبہ کو ان کی رہائش کے قریب ترین مقامات پر امتحانات میں شرکت یقینی بنانے کے لئے شعبہ امتحانات نے ضلع اور تحصیل سطح پر امتحانی مراکز قائم کردئیے ہیں۔

(جاری ہے)

کنٹرولر امتحانات کے مطابق اُمیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمرہ امتحان میں پہنچنے سے پہلے رول نمبر سلپ پر درج ہدایات غور سے پڑھیں۔ ایسا کرنا خود اُن کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں طلبہ و طالبات کو فائنل امتحان میں شرکت کے لئے نادرا کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ اپنے ساتھ لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔