Live Updates

قومی سلامتی کے خفیہ اجلاس کے معاملے کا ’’کُھرا‘‘کہیں اور جاتا ہے ٬پرویز رشید کی قربانی سے معاملہ حل نہیں ہوگا‘ جمشید چیمہ

وہ د ن دورنہیں جب حکمرانوں کی کرپشن کا دفاع کرنے والے درباری ہی انکے خلاف وعدہ معاف گواہ بنیں گے‘ رہنما پی ٹی آئی

اتوار 30 اکتوبر 2016 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہاہے کہ قومی سلامتی کے خفیہ اجلاس کے معاملے کا ’’کُھرا‘‘کہیں اور جاتا ہے اور صرف پرویز رشید کی قربانی سے معاملہ حل نہیں ہوگا٬ وہ د ن دورنہیں جب حکمرانوں کی کرپشن کا دفاع کرنے اور ان کے قصیدے پڑھنے والے درباری ہی ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنیں گے ٬دو نومبر کو کرپشن کے خلاف احتجاج کا فیصلہ اٹل ہے اور اب نواز شریف کے پاس خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوںکو صرف اپنے مفادات عزیز ہیں اور اس کیلئے ملک کی سلامتی کو دائو پر لگانے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا ۔ عمران خان کا موقف سچ ثابت ہو گیا ہے کہ حکمران ملک کے لئے سکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کشتی اپنے ہی بوجھ سے ڈوبے گی اوریہ وقت زیاد ہ دورنہیں ۔پوری قوم شدید بے چینی میں مبتلاہے ٬ پرویز رشید کااستعفیٰ کوئی سزا نہیںہے بلکہ ان سمیت تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور ان کے خلاف قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ حکومت کے تشدد اور گرفتاریوں کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ وہ پر عزم ہیں انشااللہ کرپشن زدہ حکمرانوںکو کٹہرے میں لاکر ہی دم لیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے کنٹینرکے باعث راستوں کی بندش کے دوران پاک فوج کے افسرکی شہادت ایک بڑا سانحہ ہے اس کے ذمہ داروں کو بھی ضرور سزا ملنی چاہیے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات