میری کامیابی کا راز نیک نیتی اور لگن سے کام کرنا ہے ‘ سینئر اداکار نیئر اعجاز

اتوار 30 اکتوبر 2016 12:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء)سینئر اداکار نیئر اعجاز نے کہا ہے کہ اپنے کیرئیر میں لا تعداد کردار نبھا چکا ہوں لیکن اس کے باوجود بھی یہ خواہش ہے کہ ایسا کردار ادا کروں جو مجھے ایک نئی پہچان دے ٬میری کامیابی کا راز نیک نیتی اور لگن سے کام کرنا ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اپنا احتساب کیا ہے اور اس کے بعد خوب سے خوب تر کی تلاش میں رہا ہوں جس کے نتائج ہمیشہ کامیابی کی صورت میں ملے ہیں۔

(جاری ہے)

نیئر اعجاز نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم کامیاب نہیں ہوتے میرا انہیں مشورہ ہے کہ سب سے پہلے نیک نیتی کو اپنائیں او راس کے بعد محنت اور لگن سے کام کریں اوراس کے بعد نتیجہ اوپر والے پر چھوڑ دیں آپ کو آپ کی توقع سے بڑھ کر کامیابی نصیب ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تک جتنا بھی کام کیا ہے اس سے مطمئن ہوں لیکن آج بھی یہ خواہش ہے کہ ایسا کردار ادا کروں جو مجھے ایک نئی پہچان دے ۔میں اپنے پرستاروں کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے ہر کردار میں پسند کیا ہے اور یہی میرے لئے سب سے بڑا ایوارڈ ہے ۔