ہم سٹائل ایوارڈز میں ماہرہ خان٬ علی ظفر اور شاہد آفریدی پاکستان کی پرکشش شخصیات

اتوار 30 اکتوبر 2016 11:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) کراچی میں پہلے ہم سٹائل ایوارڈز کی تقریب میں ماہرہ خان٬ ہمایوں سعید٬ علی ظفر اور شاہد آفریدی نے پاکستان کی سب سے پٴْرکشش شخصیات ہونے کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ایوارڈز کی تقریب کے پہلے حصے کی میزبانی کے فرائض عائشہ عمر اور احمد علی نے انجام دیے جبکہ دوسرے حصے کی میزبانی آمنہ شیخ اور عدنان ملک نے کی۔

اس تقریب کی سب سے اہم بات یہ رہی کہ پہلی مرتبہ صرف اور صرف پاکستانی گانوں ہی پر رقص کیا گیا۔ ان میں وہ گانے البتہ شامل تھے جو پاکستانی فنکاروں نے بالی وٴْڈ کے لیے گائے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق یہ ایک سوچا سمجھا فیصلہ تھا تاہم پیمرا کی انڈین مواد پر پابندی کے بعد اگر ٹی وی پر یہ تقریب دکھائی جاتی تو ان کے لیے مسئلہ ضرور ہوسکتا تھا۔

(جاری ہے)

تقریب میں آئن لائن کامیڈی کے لیے مشہور زیڈ علی ٹی نے بھی ایک ایکٹ پیش کیا جو کہ برطانیہ سے خصوصی طور پر اس شو کے لیے آئے تھے۔

اگر میزبانی کی بات کی جائے تو احمد علی اور عائشہ عمر متاثر کرنے میں ناکام رہے جبکہ ان کی نسبت آمنہ شیخ اور عدنان ملک نے کافی بہتر انداز میں شو کو آگے بڑھایا۔تقریب کا سکرپٹ بھی کئی جگہ کافی کمزور لگا اور حاضرین کو چند ایک مقامات کے علاوہ کہیں قہقہہ لگانے کی ضرورت نہیں پڑی۔ایوارڈز میں دوسری پرفارمنس صبا قمر اور زاہد احمد کی تھی۔

صبا قمر جتنی بڑی اداکارہ ہیں اتنی بڑی رقاصہ نہیں ہیں اس لیے ان کی موجودگی کا شور اپنی جگہ مگر رقص میں وہ جان نہیں تھی جو محفل گرما سکے۔تیسرے نمبر پر راحت فتح علی خان نے اپنے کچھ گانے سنائے مگر ان کا یہ شو لائیو نہیں تھا اور صرف یہی ایک کمی تھی کیونکہ راحت کے گائے نغمے جھومنے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔چوتھے نمبر پر حسن شہریار یاسین نے ایک 70٬ 80٬ 90 اور رواں صدی کے پہلے عشرے کے مقبول ترین نغموں پر اپنی ساتھی اداکاراؤں انوشے اشرف٬ سونیا حسین اور ڑالے سرحدی کے ساتھ ایک میوزیکل ایکٹ پیش کیا جن میں ڑالے سرحدی سب سے نمایاں رہیں۔

تاہم تقریب کی جان آخر میں علی ظفر اور سوہائے علی ابڑو کی انتہائی جاندار اور شاندار پرفارمنس رہی جس میں دونوں ہی نے زبردست رقص پیش کیا اور اپنے فلمی تجربے کا بھرپور استعمال کیا۔ایوارڈز کی بات کی جائے تو فلموں کی سب سے پرکشش اداکارہ کا ایوارڈ ماہرہ خان کے نام ہوا جبکہ مردوں میں یہ ایوارڈ ہمایوں سعید کو ملا۔

متعلقہ عنوان :