فلم’ ’دوبارہ پھر سے‘‘ کا ٹائٹل سانگ جاری کردیا گیا

فلم25 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی

اتوار 30 اکتوبر 2016 11:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) فلم’ ’دوبارہ پھر سے‘‘ کا ٹائٹل سانگ جاری کردیا گیا ہے۔فلم کے ٹائٹل سانگ میں 4 دوست ہواؤں کے سنگ دوستی کی اڑان بھرتے نظر آرہے ہیں جس میں ان کی دوستی نئے رشتوں میں تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے۔گانے کو حانیہ اسلم اور علی حمزہ نے گایا ہے جبکہ گانے کی شاعری بلال سمیع اور حانیہ اسلم کی تخلیق کردہ ہے۔

گانے کی ہدایت کاری کے فرائض بھی مہرین جبار نے ادا کیے ہیں۔

(جاری ہے)

مہرین جبار اس سے قبل ’رام چند پاکستانی‘ اور ’جیکسن ہائیٹس‘ جیسے منفرد پراجیکٹس پیش کرچکی ہیں اور اب ان کا ماننا ہے کہ ’دوبارہ پھر سے‘ ان کے پچھلے سارے کام سے منفرد اور دلوں کو موہ لینے والی فلم ثابت ہوگی۔فلم کے مرکزی کرداروں میں عدیل حسین٬ علی کاظمی٬ حریم فاروق اور صنم سعید شامل ہیں جبکہ دیگر کرداروں میں طوبیٰ صدیقی٬ شاذ خان اور عتیقہ اوڈھو اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فلم میں رومانس٬ ڈرامہ اور کامیڈی کے عناصر شامل ہیں۔فلم’ ’دوبارہ پھر سے‘‘ 25 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔