کومت کوئٹہ میں پیش آنے والے المناک سانحے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرے٬ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 21:54

ڈیرہ اللہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کوئٹہ میں پیش آنے والے المناک سانحے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرے تاکہ بات واضح ہوجائے کہ کمزوری کہاں پر تھی جس کی وجہ سے ہمارے نوجوان اتنی بڑی تعداد میں شہید اورزخمی ہوئے اسکی انکوائری اورذمہ داریوں کا تعین ہونا چاہئے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سابق وزیراعلیٰ جب سکھر ائیر پورٹ سے ڈیرہ اللہ یار پہنچے تو کارکنوں کی ایک بڑی تعدادنے محمد نعیم کھوسہ کی رہائش گاہ پر انکا استقبال کیا اورانکے اعزاز میں پارٹی دی گئی ۔ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ ہم ایک کنفلیکٹ زون میں ہیں اور کنفلیکٹ زون کی وجہ سے بلوچستان اور خیبر پختونخوا بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک اس پورے خطے کے مسائل حل نہیں ہونگے ہماری مشکلات بڑھیں گی ہمارے حکمرناوں کو کوشش کرنی ہوگی کہ خطے کے مسائل کو حل کریں تاکہ ہم اس مشکل صورتحال سے با آسانی نکلنے میں کامیاب ہوجائیں ۔انہوں نے اسلام آباد اور روالپنڈی میں ہونے والے احتجاج اور گرفتاریوں ے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور احتجاج کو اپنا جمہوری و سیاسی حق سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں اور عمران خان کو بھی یہ دیکھناہے کہ ان کے اس عمل سے جمہوریت کو کوئی نقصان پہنچنے کا اندیشہ تو نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے احتجاج ہرایک کا جمہوری حق ہے لیکن اس بات کا خیال عمران خان سمیت سب کو کرنے کی ضرورت ہے کہ جمہوریت کو کئی نقصان نہ پہنچے انہوں نے کہا کہ اس ملک کا مستقبل جمہوریت ہی سے وابستہ ہے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ نیشنل پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات جان محمد بلیدی ٬خیر جان بلوچ اور بی ایس او کے سیکرٹری جنرل عبدالحمید بلو چ بھی تھے۔