میڈیکل کالجز میں نئے تعلیمی سال کے حوالے سے بولان میڈیکل کالج میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 21:15

ڈیرہ مرادجمالی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء)سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ کی زیرصدارت میڈیکل کالجز میں نئے تعلیمی سال کے حوالے سے بولان میڈیکل کالج میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالر$ف بلوچ٬ بولان میڈیکل کالج کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ نے متعلقہ حکام کو نئے تعلیمی سال کے لئے داخلہ پالیسی کی جلدازجلد مرتب کرنے اور منظور کروانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ ایڈمیشن پالیسی کی تاخیر سے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہوجاتا ہے اور وہ دیگر صوبوں کے میڈیکل کالجز میں تاخیر سے اپنا تعلیمی سال شروع کرتے ہیں۔

انہوں نے اجلاس میں نئے میڈیکل کالجز کی پالیسیز کے قواعو وضوابط ودیگر امور پر بھی پیشرفت ہوئی اور متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ وہ جلد از جلد قانونی طریقہء کار کے تحت اپنی پالیسیز مرتب کرکے محکمہ صحت واعلیٰ حکام سے منظور کروائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ نئے میڈیکل کالجز میں داخلہ ہونے سے صوبے بھر میں صحت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا جس میں ڈاکٹرز کی کمی پوری ہوسکے گی اور عصر حاضر سے ہم آہنگ صحت کی سہولیات میسر آسکیں گی۔

بعدازاں سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ نے بولان میڈیکل کالج میں جاری ترقیاتی کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو سختی سے تاکید کی کہ وہ کام کو معیار کے مطابق جلدازجلد پایہء تکمیل تک پہنچائے۔ بعدازاں سیکریٹری صحت کو بولان میڈیکل کالج کے سیکیورٹی صورتحال سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس میں انہوں نے سیکیورٹی انچارج سے سیکیورٹی کی صورتحال پر رپورٹ طلب کی اور سختی سے ہدایات دیں کہ سیکیورٹی کی فل پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی کوتاہی اور غفلت کی کوئی گنجائش نہ رہنے دی جائے جبکہ سیکیورٹی حکام کے جائز مطالبے بھی جلد از جلد حل کرلئے جائیں گے۔