سی پیک پروجیکٹ کی تکمیل بلوچستان کے عوام کی کامیابی ہوگی٬ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 21:15

ڈیرہ مرادجمالی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ کولیشن حکومت ہونے کی وجہ سے نصیرآبادڈویژن کے لئے کوئی میگا پروجیکٹ نہیں دے سکے جس کے اصل ذمہ دار نصیرآباد کے سیاستدان ہیں ۔وزیراعلیٰ شپ کے دوران میرے چاروں اطراف کچے کھلاڑیوں کے بجائے پکے کھلاڑی تھے ۔ سی پیک پروجیکٹ کی تکمیل بلوچستان کے عوام کی کامیابی ہوگی ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ مرادجمالی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے یاسمین لہڑی٬جان محمد بلیدی٬خیرجان بلوچ ٬نعیم کھوسہ٬علی حسن منجھو٬رفیق کھوسو٬تاج بلوچ اور عبدالرزاق پندرانی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبے کے اقتدار سنبھالنے سے قبل عوام کی جان ومال محفوظ نہیں تھے۔

(جاری ہے)

ٹارگٹ کلنگ اور دھماکے روز کا معمول تھے جس پر کام کرکے حالات کو بہتر بناکر عوام کے جان ومال کو محفوظ بنایا گیا۔ پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ جس میں میرے حلقے کے 21ٹرینی جوان شامل تھے جس کی فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بناکر انکوائری کراکے ذمہ داروں کو سزا دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن کی پسماندگی کے شکار اور ترقی کے عمل میں رکاوٹ کے اصل ذمہ دار نصیرآباد کے سیاستدان ہیں نیشنل پارٹی کی واضح اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے کولیشن پارٹیز کا وزیراعلیٰ ہونے کی وجہ سے میرے چاروں اطراف سے پکے کھلاڑیوں کے گھیرے میں ہونے کی وجہ سے کھل کر کام نہیں کرسکا آنے والے 2018کے الیکشن میں نیشنل پارٹی عوامی ووٹ سے سیٹیں لیکر اپنی حکومت بناکر عوام کی بھرپور خدمت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن گرین بیلٹ اور نہری نظام ہونے کے باعث اس کی اہمیت صوبے میںبڑی اہمیت رکھتا ہے اور گرین بیلٹ کی بحالی اور پٹ فیڈرکینال کی مرمت کے لئے بڑی رقم جاری کرکے این ایل سی سے کام کرایا گیا جس کے باعث اب پٹ فیڈرکینال میں پانی کا بہا$ 3500سے بڑھ کر5000کو پہنچ گیا ہے جس سے زمینداروں اور کسانوں کو فائدہ ہورہا ہے ۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نصیرآباد اور سبی میں ایجوکیشن اور ہیلتھ کا سسٹم انتہائی خراب ہے۔

اسکول اور ہسپتال کو تالے لگے ہیں اساتذہ اپنی ڈیوٹیوں سے باغی بن چکے ہیں جس کو ٹھیک کرنے کے لئے عوام کو بھی اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پروجیکٹ کو ٹائم پر مکمل کرنا ہوگا تاکہ گوادر سمیت صوبے کے عوام تک اس کے ثمرات پہنچ سکیں۔