بلاول بھٹو زرداری کی دیوالی مذہبی تہوار پر پوری دنیا کی ہندو برادری کو مبارکباد

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 20:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دیوالی مذہبی تہوار پر پوری دنیا کی ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے اور پاکستان کی ہندو برادری کے اس قدم کو سراہا ہے جس میں انہوں نے سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے اپنے مذہبی تہوار دیوالی کی تقریبات سادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے٬ اتوار کو پوری دنیا میں منائے جانے والے دیوالی کے مذہبی تہوار پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دیوالی کا تہوار روایتی طور پر باطل پر حق کی فتح کی علامت ہے٬ہمیں اس دن کے حقیقی جوہر کو سمجھنے اور پوری دنیا سے باطل کی شکست کے لیے دعا کی ضرورت ہے٬انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کی اقلیتی برادری کو ان کے مذہبی تہوار مکمل آزادی سے منانے کے لیے ہمیشہ بڑہ چڑہ کر حمایت کی ہے٬ ہمارے ملک میں رنگ و نسل٬ فرقہ٬ذات پات اور مذہب کے بنیاد پر امتیاز کی اجازت نہیں ہے٬بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بانیان پاکستان کے نظریے اور عزم کی حقیقی وارث ہے٬ پارٹی قیادت٬ سابق منتخب وزرائ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو سمیت سینکڑوں جیالوں اور کارکنان نے اس نظریے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں٬غیر مسلم شہریوں کو آئینی اور قانونی تحفظ دینا اس نظریے کا ایک کلیدی جز رہا ہے٬ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے اس بات پر بھی خوشی ہے کہ ہندو برادری کی جانب سے دیوالی کے دن پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ سانحہ کوئٹہ کے شہیدوں کے لیے بھی دعائیں مانگی جائیں گی۔

#