ناظم آباد میں دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے ٬ وفاقی اور صوبائی حکومت سے فاروق ستارکا مطالبہ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 20:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینرڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 4لاروش ریسٹورنٹ والی گلی میں مجلس عزا پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورفائرنگ کے نتیجے میں چار سگے بھائیوں سمیت پانچ افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور خواتین اور بچے سمیت زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری میں مصروف پرامن نہتے لوگوں پرفائرنگ ظلم کی انتہاء ہے جو کہ نہ صرف شہر کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے اور کراچی میں موجود اہل تشیعوں کی نسل کشی کرنے کے مترادف ہے ۔ ایک بیان میںڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے کہا محرم الحرام کے مہینے میں دہشت گردوں کی جانب سے ضلع وسطی میں پے درپے دہشت گردی کے واقعات رینجرز پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ دہشت گرد کراچی میں اہل تشیعوں کی امام بارگاہ اور مجالس پر حملہ کرکے کراچی شہر کاماحول خراب کرنے کی گھنائونی سازش کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ محرم الحرام میں کراچی کے علاقے ایف سی ایریا کی ’’امام بارگاہ درِ عباس ‘‘پر دہشت گردوںکی جانب سے حملہ اور آج ناظم آباد کے علاقے نمبر 4میں مجلس عزا پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ میں شیعہ و سنی اتحاد کوسبوتاژ کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ قابل افسوس بھی ہیں۔ڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے کراچی کے اہل تشیع اور اہلسنت کے باشعور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے واقعات میں ہرگز ہرگز اشتعال میں نہ آئیں اور اپنی صفحوںمیں اتحاد برقرار رکھیں اورہر سازش کو ناکام بنادیں۔ڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف ٬ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ٬ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ناظم آباد کے علاقے میں دہشت گردی کے اس واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے اور اہل تشیع میں پیدا ہونے والے عدم تحفظ کو دور کیا جائے۔#