ملک میں ایک افراتفری اور انتشار ہے٬ حکمرانوں کی نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے ٬ مشتاق احمد خان

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں ایک افراتفری اور انتشار ہے٬ حکمرانوں کی نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے ۔کرپشن بدیانتی اور بدانتظامی کی وجہ سے قومی ادارے بدحالی کا شکار ہیں ۔خواتین اوربچوں سمیت کسی کے حقوق محفوظ نہیں ٬بچیوں کو زندہ جلایا جارہا ہے ٬اندرونی اور بیرونی خطرات نے ملک کو چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے ٬عوام حکمرانوں سے بالکل مایوس ہوچکے ہیں ۔

ان حالات میں ضروری ہے کہ قوم اجتماعی توبہ کرے اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ جس عہد کے تحت پاکستان حاصل کیا گیا تھا اس عہد کو پورا کرے ۔پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور اس کی بقا اور سلامتی اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے ۔

(جاری ہے)

ہم ملک میں نفاذ شریعت کے لئے دینی قوتوں کا اتحاد چاہتے ہیں اور جماعت اسلامی نے ملک میں ہمیشہ دینی جماعتوں کواکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے ۔

سیاسی قیادت ملک کو خطرات سے نکالنا اور خوشحال دیکھنا چاہتی ہے تو اسے باطل نظاموں سے کنارہ کش ہوکر ملک میںقرآن کے نظام کو نافذ کرنا ہوگا۔وہ مرکز اسلامی میں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں اور نہ ہی ان کے انتخابات ہوتے ہیں۔ باپ کے بعد بیٹا اور بیٹے کے بعد بیٹی پارٹی سربراہ بنتی ہے۔

یہ کیسی جمہوریت ہے ٬ یہ لوگ تو جمہوریت اور آئین کے ساتھ بھی غداری کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردیے ہیں۔کر پشن قومی وجود کے لیے ایک خطر ناک صورت اور ملک کے لیے کینسر کی شکل اختیار کر چکی ہے ملک میں کرپٹ عناصر اور دہشت گر دی کر نے والوں کا گٹھ جو ڑ ہے جس سے انسانی جا نوں کو خطرات ہیں ٬اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ کرپٹ مافیا پرایک کاری ضرب لگائی جائے ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت کی کارکردگی ناقص ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری عام ہورہی ہے لوڈشیڈنگ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جب کہ بیر ونی قرضہ 18 ہزار ارب روپے سے تجاوزکر گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو بحرانوں سے نجات کے لیے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے نعرے کا ساتھ دینا ہوگا تما م مسائل کا واحد حل ایک عظیم الشان اسلامی انقلاب اور دیانتدار قیادت ہے ۔