نظریے کے استحکام اور ترقی کی فکر پیغمبروں کا شیوہ ہے٬ راجہ ظفر الحق

پاکستان کے لیے کام کرنے کا مطلب بالواسطہ طور پر پورے عالم اسلام کے لیے کام کرنے کے مترادف ہے٬ ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور کے دورہ کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) نظریے کے استحکام اور ترقی کی فکر پیغمبروں کا شیوہ ہے۔نظریے کی ترویج و اشاعت کی اہمیت معاشی ترقی اور دفاعی خود کفالت کے حصول سے کہیں زیادہ ہے۔ پاکستان کے لیے کام کرنے کا مطلب بالواسطہ طور پر پورے عالم اسلام کے لیے کام کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹ آف پاکستان میں قائد ایوان ممتاز مسلم لیگی رہنما اور نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن راجہ ظفر الحق نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور کے دورہ کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محترم محمد رفیق تارڑ‘ وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد‘ جسٹس (ر) خلیل الرحمن‘ چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف‘ سیکرٹری شاہد رشید اور شعبہٴ خواتین کی سیکرٹری بیگم صفیہ اسحاق اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

راجہ ظفر الحق نے نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر میرا دل الله کریم کے شکر سے لبریز ہو جاتا ہے کہ یہ ادارہ نظریاتی لحاظ سے مستحکم شخصیات کی زیر نگرانی بطریق احسن آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر مغربی دنیا نے روس کو اپنا ہدف بنا لیا تھا اور اسے اندرونی طور پر کمزور کرنے کی خاطر انتہائی قابل افراد پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی تھی جس نے روس میں موجود مختلف قومیتوں کی اپنی زبان میں ’’ریڈیو فری یورپ‘‘ کی نشریات کا آغاز کیا۔ اس ریڈیو سے نوجوانوں کے لیے پروگرام نشر ہوتے تھے جن کے ذریعے غیر محسوس انداز میں نوجوانوں کے ذہنوں سے کمیونزم کی افادیت اور سوویت یونین کے رعب داب کو ختم کر دیا گیا اور ایک وقت آیا جب ایٹمی ہتھیاروں اور دیگر جدید اسلحہ کے باوجود سوویت یونین ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا۔

اس سے ثابت ہوا کہ اگر نوجوان نسل کی اپنے نظریے کے ساتھ کمٹمنٹ مضبوط نہ ہو تو وہ نظریہٴ قائم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ جیسے عظیم المرتبت رہنما از سر نو تو ہمارے درمیان نہیں آئیں گے‘ لہٰذا جن ہستیوں نے ان رہنمائوں کی زیر قیادت تحریک پاکستان میں سرگرم کردار ادا کیا ہے‘ ان کو غنیمت جاننا چاہئے اور ان کی رہنمائی میں کام کو آگے بڑھانا چاہئے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کو دنیائے اسلام میں موجود اپنی ہی طرح کے دیگر اداروں اور تھنک ٹینکس بالخصوص مؤتمر عالمِ اسلامی نیز اقوام متحدہ کے اداروں مثلاً یونیسکو اور یونیسیف سے روابط استوار کرنے چاہئیں اور ان سے مطبوعات و معلومات کا تبادلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے ایوان قائداعظمؒ کی تکمیل پر اظہار مسرت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ بابائے قوم سے منسوب اس ایوان کیلئے بھر پور تعاون کریں گے۔

محترم محمد رفیق تارڑ نے راجہ ظفر الحق کی آمد پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ جس طرح محترم مجید نظامی کی زندگی میں وطن عزیز کے اساسی نظریے کے فروغ کے لیے کوشاں تھا‘ آج بھی اسی طرح سرگرم عمل ہے۔ میری دعا ہے کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی طرف سے قومی خدمات کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ ہمارے ملک کا واحد ادارہ ہے جو وطن عزیز کی غایتِ وجود یعنی نظریہٴ پاکستان کی ترویج و اشاعت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔

آپ جیسے نظریاتی سیاسی رہنمائوں کی معاونت اور توجہ سے اس ادارے کے اغراض و مقاصد کو مزید آگے بڑھانے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام اساتذہٴ کرام کی نظریاتی تربیتی ورکشاپس کے بڑے خوش کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور نظریہٴ پاکستان یا دو قومی نظریے کا پیغام گراس روٹ لیول تک پہنچ رہا ہے۔

نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے راجہ ظفر الحق کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کا شمار نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے بانی اراکین میں ہوتا ہے کیونکہ جب محترم مجید نظامی ا ور غلام حیدر وائیں نے یہ ادارہ قائم کیا تو آپ بھی ان کے ساتھ اس کار خیر میں شامل تھے۔ انہوں نے راجہ ظفر الحق کو ادارے کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلاً بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا محور و مرکز نسل نو ہے تاکہ وہ آزادی کی اہمیت سے روشناس ہو سکے اور ان میں اپنے وطن کے بارے میں احساس تفاخر پیدا ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے ایک وفد نے حال ہی میں بلوچستان کا دورہ کیا جو ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہوا۔ پاکستان کے بدخواہوں کی طرف سے پھیلائے جانے والے زہریلے پراپیگنڈے کے بالکل برعکس وہاں امن و استحکام کا دور دورہ ہے اور بھرپور انداز میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور وہاں کے لوگ اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے کہ دیگر صوبوں کے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان قائداعظمؒ کی عظیم الشان عمارت پایہ تکمیل کو پہنچ چکی ہے۔ یہ ایوان عنقریب فنکشنل ہو جائے گا اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی خواہش ہے کہ آپ ایک سچے اور نظریاتی مسلم لیگی رہنما کی حیثیت سے ہماری رہنمائی اور سرپرستی فرمائیں۔ انہوں نے بطور خاص بتایا کہ یہ ایوان پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب جناب میاں محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور تعاون سے پایہٴ تکمیل کو پہنچا ہے جنہوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے اس کی تعمیر کی خاطر خطیر رقم فراہم کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :