کراچی ‘موٹر سائیکل سواروںکی مجلس عزا پر فائرنگ ‘خاتون اور 4بھائی جاں بحق ‘4 زخمی

زخمیوں کی حالت نازک ہونے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے‘ پولیس پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے ‘علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اکتوبر2016ء) کراچی کے علاقے ناظم آباد 4 نمبر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزموں نے گھر میں ہونے والی مجلس عزا پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے ‘ ہلاک ہونے والے چاروں افراد بھائی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے‘ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت نازک ہونے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے‘واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ناظم آباد 4 میں لاروش ریسٹورنٹ کی ساتھ والی گلی میں واقع ایک گھر میں مجلس ہو رہی تھی کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزموں نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 3 افراد ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک خاتون شدید زخمی ہے اور اس کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ فائرنگ کا واقعہ ناظم آباد تھانے کے بالکل پیچھے گلی میں واقعہ گھر میں مجلس کے دوران پیش آیا ہے۔ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں افراد بھائی بتائے جاتے ہیں۔…(رانا)