انتظامیہ کی جانب سے غیرقانونی پکڑے گئے کنٹینرز اور لوڈر گاڑیوں کو فی الفور چھوڑا جائے٬ گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کا مطالبہ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ ملکی سیاسی صورتحال کے باعث انتظامیہ کی جانب سے غیرقانونی طریقہ کار سے پکڑے جانے والے کنٹینرز اور لوڈر گاڑیوں کو فی الفور چھوڑا جائے کیونکہ کنٹینر میں امپورٹ و ایکسپورٹ کردہ لاکھوں روپے کا مال خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار گڈر ٹرانسپورٹرز اتحاد کے مرکزی رہنما چوہدری مختار احمد اور جنرل سیکرٹری نبیل محمود طارق نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز رہنما شراف گل٬ مرزا ارشد بیگ٬ ممتاز خان٬ ریاض تاجک٬ لالہ شاہد رشید٬ ایم ملک ارشد٬ احمد جان٬ رانا شاہد سمیت نجیب اللہ نیازی٬ ملک مظفر اعوان٬ حاجی جاوید بٹ و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے پنجاب بھر میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ ہمارا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہے جبکہ کنٹینر میں پڑا تاجروں کا مال جوکہ لاکھوں کروڑوں روپے کا ہے خراب یا نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کنٹینرز پکڑ کر نقصان صرف گڈز ٹرانسپورٹروں کا ہوا ہے جس میں مالی کی خرابی٬ کنٹینرز کا کرایہ٬ گاڑی و ڈرائیور اور ہیلپر کے اخراجات شامل ہیں۔ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے غیرقانونی طریقہ سے لوڈر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند نہ کیا تو بروز پیر 31اکتوبر کو مال برداری کا نظام بند کرنے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے خلاف سخت لائحہ عمل اختیار کریں گے۔