لاہور٬ محکمہ زراعت کے شعبہ واٹر مینجمنٹ کے سینکڑوں ملازمین کا احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) محکمہ زراعت کے شعبہ واٹر مینجمنٹ کے سینکڑوں ملازمین کا احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ڈیوس روڈ پر واقع محکمہ زراعت کے دفتر کے سامنے دیئے گئے دھرنے کی وجہ سے ڈیوس روڈ پر ٹریفک مسلسل بند رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء وقفہ وقفہ سے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

دھرنے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ان کے 1900 سے زائد ملازمین پنجاب بھر کے دفاتر میں گزشتہ بارہ بارہ سال سے کنٹریکٹ پر ملازمت کررہے ہیں جنہیں پنجاب حکومت اب بیروزگاری کرکے ان کی جگہ نئے بھرتی کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا جس کا دائرہ پورے پنجاب میں پھیلایا جا سکتا ہے۔ دھرنے کے شرکاء کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے دھرنے کو 24 گھنٹے سے زائد عرصہ ہو چکا لیکن تاحال ان سے مذاکرات کیلئے کوئی نہیں آیا اور اگر یہی صورتحال رہی تو انہیں اپنا احتجاجی پروگرام تبدیل کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی یا وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر دھرنا دینا ہوگا جس میں ان کے بچے بھی شرکت کریں گے۔ (قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :