موجودہ کیفیت ملک دشمنوں کیلئے خوشی کا باعث ہے‘ راجہ ظفر الحق

میں صرف اتنا کہوں گا کہ حالات جیسے بھی ہوں صبر اور اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے٬میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ کیفیت ملک دشمنوں کیلئے خوشی کا باعث ہے۔ اس لئے پاکستان کی تمام سیاسی قیادت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کبھی بھی سخت زبان کا استعمال نہیں کیا۔

(جاری ہے)

میں صرف اتنا کہوں گا کہ حالات جیسے بھی ہوں صبر اور اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ملک کا آئین تمام اداروں سے بالاتر ہے اور آئین کے حدود میں رہتے ہوئے اداروں کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو پکڑنا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ پولیس نے انہیں پکڑنے کی کوشش بھی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی زبان پوری قوم کے سامنے ہے۔ عمران خان جلسوں٬ جلوسوں اور میڈیا پر آکر گالیاں دے کر نئی نسل کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ (اے ملک)