شورکوٹ چھاؤنی٬سبزی منڈی مسائل کا گڑھ بننے سے شہریوں اور طلباء طالبات کاگزرنا محال

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:50

شورکوٹ چھاؤنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء)سبزی منڈی مسائل کا گڑھ بننے سے شہریوں اور طلباء طالبات کاگزرنا محال ۔تفصیلات کے مطابق شورکوٹ چھاؤنی کی سبزی منڈی شہریوں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں صبح اور شام کے اوقات میں مذکورہ سبزی منڈی روڈ سے گزرنا بھی انتہائی دشوار دکھائی دیتا ہے ۔سبزی منڈی میں صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے جگہ جگہ گلی سڑی سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جہاں سے پھیلنے والے تعفن میں شہریوں کا سانس لینا بھی دشوار دکھائی دیتا ہے ۔

صبح کے وقت سبزی منڈی روڈ پر گزرنے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہنا روز کا معمول بن جانے سے لڑائی جھگڑے کوئی نئی بات نہیں اگر جائزہ لیا جائے تو سبز منڈی شہر کے عین وسط میں واقع ہونے سے درجنوں تاجروں کے کاروبار متاثر ہو رہے ہیں طلباء و طالبات کا تعلیمی اداروں کو جانا بھی کسی عذاب سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

سبزی منڈی آنے والے شرپسند عناصر سکول جاتی طالبات پر فحش آوازیں کسنے سے بھی گریز نہیں کرتے اور آڑھتی سبزمنڈی کے احاطہ سے نکل کر شاہراہ پر پھڑیا ں لگا کر ٹریفک سمیت دیگر مسائل میں اضافہ کا موجب بنے ہوئے ہیں ۔

شہری تنظیموں کے عہدیداروں سمیت عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ سبزی منڈی کو ہنگامی بنیادوں پر شہری حلقہ سے باہر کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔