چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہسپتال میں ڈاکٹر عاصم کی عیادت

ڈاکٹر عاصم لال مسجد کے طالبان نہیں٬حکومت آپریشن کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے٬ بلاول بھٹو زرداری ایک ایسے وقت میں جب بزدل سیاست دان دہشت گردوں کا نام لینے سے بھی ڈرتے تھے پاکستان پیپلز پارٹی نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانی دی٬ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کوئی لال مسجد کے طالبان نہیں٬حکومت آپریشن کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے۔جناح ہسپتال میں ڈاکٹر عاصم کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلال بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف وزارت داخلہ کے ذریعے آپریشن کو سیاسی بناکر ذاتی فائدے حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر عاصم کو فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ان کی عیادت کے لیے جناح ہسپتال آئے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اس آپریشن میں خاص طور پر صوبہ سندھ کو ٹارگٹ کیا٬ جہاں چاہے میئر کراچی ہوں٬ چاہے عاصم حسین ہوں٬ قادر پٹیل ہوں یا کوئی اور سیاستدان ٬ ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے قانون خاص طور پر شدت پسندوں کے خلاف بنائے گئے تھے جو سیاسی جماعتوں اور دیگر اداروں کو نشانہ نشانہ بناتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ پہلی جماعت تھی جس نے سب سے پہلے شدت پسندی کے خلاف آواز ز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بزدل سیاست دان دہشت گردوں کا نام لینے سے بھی ڈرتے تھے اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانی دی۔

انہوں نے نواز شریف اور سابق صدر مشرف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ان لوگوں میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ وہ سامنے آتے اور کہتے کہ دہشت گرد ہمارے پولیس اہلکاروں کو مار رہے ہیں٬ فوجی بھائیوں کو مار رہے ہیں٬ بچوں ٬ خواتین کو مار رہے ہیں٬ اسلام کا نام استعمال کرکے انہیں مار رہے ہیں۔۔