گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی٬کالعدم القاعدہ کے 5 دہشتگرد ہلاک

مقابلے کے دوران دہشتگردوں کے 3 ساتھی فرار٬ ہلاک ہونیوالوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا٬ سی ٹی ڈی

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:25

لاہور/گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اکتوبر2016ء) سی ٹی ڈی نے گوجرانوالہ میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم القاعدہ کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گوجرانوالہ میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گوجرنوالہ میں واپڈا ٹاؤن بائی پاس کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا تاہم اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ سے ہے٬ دہشت گرد گوجرانوالہ میں حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے جن کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی سخت کی گئی تھی٬ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ان کے 3 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بارود٬ ہینڈ گرینیڈ اور اسلحہ سمیت دیگر سامان بھی برآمد ہوا ٬ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہیں جب کہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی ملحقہ علاقوں میں ناکہ بندی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :