پاکستان کو کوئی مائی کا لال سیکولر اور لادین اسٹیٹ نہیں بناسکتا‘ حکومت اور اپوزیشن میں موجود لٹیروں اور قرضے معاف کرانے والوں کی لسٹیں موجود ہیں ٬ ان میں سے کسی ایک کو بھی نہیں چھوڑیں گے ٬ سب کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے ٬ اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر اڈیالہ جیل میں بند کریں گے‘ 70 سال سے قوم کا خون چوسنے والی عالمی اسٹیبلشمنٹ کی جونکوں نے جتنا خون چوسنا تھا ٬ چوس چکیں اب عوام انہیں برداشت نہیں کریں گے ‘ پاکستان اسلام کے نام پر بے شمار قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ‘ اسے کوئی مائی کا لال سیکولر اور لادین اسٹیٹ نہیں بناسکتا‘عوام نے سیاسی پارٹیوں کے نام پر چوروں کے گروہوں کو سرپر بٹھائے رکھا ‘ اب وقت آگیاہے کہ ملک میںنظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے عوام متحد ہو جائیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کااجتماع سے خطاب

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سیاسی جماعتوں میں انتخابات کے نام پر خوب ڈرامے دیکھنے میں آئے ‘ چار سیاسی پارٹیوں کے انتخابا ت ہوئے جن میں سب بلامقابلہ منتخب ہو ئے ‘جمہوریت کے نام پر اتنا بڑا فراڈ دیکھ کر عوام کو سمجھ جاناچاہیے کہ جن پارٹیوں کے اپنے اندر جمہوریت نہیں وہ ملک میں جمہوری نظام کیسے آنے دیں گی‘ الیکشن کمیشن پارٹیوں کے انتخابات بھی اپنی نگرانی میں کرائے اور انہی پارٹیوں کو الیکشن میں حصہ لینے دیا جائے جو الیکشن کمیشن کی نگرانی میں اپنے اندر انتخابی عمل مکمل کریں‘ حکومت اور اپوزیشن میں موجود لٹیروں اور قرضے معاف کرانے والوں کی لسٹیں موجود ہیں ٬ ان میں سے کسی ایک کو بھی نہیں چھوڑیں گے ٬ سب کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے اور اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر اڈیالہ جیل میں بند کریں گے‘ 70 سال سے قوم کا خون چوسنے والی عالمی اسٹیبلشمنٹ کی جونکوں نے جتنا خون چوسنا تھا ٬ چوس چکیں اب عوام انہیں برداشت نہیں کریں گے ‘ پاکستان اسلام کے نام پر بے شمار قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ‘ اسے کوئی مائی کا لال سیکولر اور لادین اسٹیٹ نہیں بناسکتا‘عوام نے سیاسی پارٹیوں کے نام پر چوروں کے گروہوں کو سرپر بٹھائے رکھا ‘ اب وقت آگیاہے کہ ملک میںنظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے عوام متحد ہو جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وحدت روڈ کرکٹ گرا?نڈ لاہور میں جاری جماعت اسلامی پنجاب کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اگر قوم عزت سے زندگی گزارنا چاہتی ہے تو عزت صرف شریعت کے نظام میں ہے۔ 70 سال تک عوام نے ان لوگوں کو سرپربٹھائے رکھا جو قومی مفادات کی بجائے امریکی مفادات اور عالمی سامراج کے ایجنڈے پر کاربند رہے۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خلاف شور مچانے اور غل غپاڑے کرنے والوں کے اپنے نام بھی آف شور کمپنیوں کے مالکان کی لسٹ میں ہیں۔ یہ حکومت کرپشن کے نہیں عوام کے خلاف ہے۔ تین ساڑھے تین سو خاندانوں پر مشتمل لٹیروں کا یہ ٹولہ چہرے اور جھنڈے بدل کر مختلف پارٹیوں میں شامل ہوتاہے۔ ان کی اصل مہارت قومی سرمائے کو لوٹ کر باہر منتقل کرناہے۔ انہوںنے کہاکہ اقتدار میں آ کر ان میں سے کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کریں گے اور ایک ایک کو پکڑ کر جیلوں میں بند کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ کھربوں روپے لوٹنے والوں نے عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ عام آدمی تعلیم ٬ صحت ٬ روزگار اور چھت سے محروم ہے۔ مزدور دن بھر خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود بھوکا سوتاہے اور اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے مگر مچھ ان کے خون پسینے کی کمائی لوٹ کر بیرونی بنکوں میں موجود اپنے اکا?نٹس میں منتقل کر رہے ہیں۔ جس پارلیمنٹ کے ماتھے پر کلمہ طیبہ لکھاہواہے ٬لیکن ملک میں انگریز کا قانون ابھی تک چل رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانوں کی قربانی دے کر اور ہجرت کر کے پاکستان نہیں بنایا تھا کہ اس پر لٹیرے قابض ہو جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکاہے۔ پنجاب کے لوگوں کو اٹھنا ہوگا اور ظالموں کو پہنچاننا اور ان کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ مزدوروں کی نمائندگی سرمایہ دار اور کسانوں کی وہ جاگیردار کر رہے ہیںجو ان غریبوں کو مسائل سے دوچار کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم انقلابی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے انقلابی امتی ہیں۔ ہم مسجد کے کونے میں بیٹھ کر ظلم ہوتا دیکھنے والے نہیں ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اپنے دروازے عام آدمی کے لیے کھول دیے ہیں۔ معاشرے کے اچھے اور باکردار افراد کو جماعت میں شامل کیا جائے۔ اگر دوسری پارٹیاں سیاست کے نام پر خباثت اور معاشرے کے چنے ہوئے بدمعاشوں کو اکٹھا کر سکتی ہیں تو ہم اچھے لوگوں کو کیوں نہیں کر سکتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد نے کہاکہ پنجاب نے ہمیشہ قومی تحریکوں کی قیادت کی ہے۔

جب پنجاب کے عوام اٹھ کھڑے ہوتے ہیں تو پھر کوئی ظالم و جابر قوت ان کے مقابل کھڑی نہیں ہو سکتی۔ پنجاب نے قومی سیاست میں ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیاہے اور اقتدار میں وہی جماعت آتی ہے جس کا ساتھ پنجاب کے عوام دیتے ہیں۔ انہوںنے سراج الحق کو یقین دلایا کہ پنجاب اب کسی ظالم ٬وڈیرے ٬جاگیردار اور سرمایہ دار کو کبھی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔

پنجاب کے عوام اسلام سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے قرآن و سنت کے نظام کے لیے پہلے بھی ناقابل فراموش قربانیاں دیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پنجاب انشائ اللہ ملک میں اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ بنے گا۔اجتماع ارکان کل بھی جاری رہے گا۔ اجتماع کے اختتام پر کرپشن کیخلاف زبردست احتجاجی مارچ کیا جائے گا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔