پرویز رشید مستعفی ہو کر قومی مجرم ثابت ہو ئے ‘ قومی سلامتی سے متعلق خبر لیک کر کے پرویز رشید نے ملک سے غداری کی‘ خبر لیک کرنے کے معاملے میں ملوث تمام افراد غداری کے مرتکب ہوئے ‘کچھ ملک سے بھاگ رہے ہیں‘عدلیہ نوٹس لے اور تمام غداروں کے نام ای سی ایل میں ڈال کرآرٹیکل 6کے تحت ان کیخلاف غداری کے مقدمات قائم کرے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کاپرویز رشید کے مستعفی ہونے پر رد عمل کا اظہار

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اکتوبر2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ پرویز رشید مستعفی ہو کر قومی مجرم ثابت ہو چکے ہیں٬ قومی سلامتی سے متعلق خبر لیک کر کے پرویز رشید نے ملک کے ساتھ غداری کی۔خبر لیک کرنے کے معاملے میں ملوث تمام افراد غداری کے مرتکب ہوئے ہیں٬کچھ ملک سے بھاگ رہے ہیں‘عدلیہ نوٹس لے اور تمام غداروں کے نام ای سی ایل میں ڈالتے ہوئے آرٹیکل 6کے تحت ان کے خلاف غداری کے مقدمات قائم کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرویز رشید کے مستعفی ہونے پر اپنا رد عمل بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنہوں نے زندگی میں ہر پل ملک و قوم کی خدمت کی ہے ان کے خلاف بے بنیاد اورسیاسی مقدمات قائم کئے گئے اور انہیں غدار قراردیا گیا جبکہ انہوں نے غداری نہیں٬ ہمیشہ قوم سے وفا کی ہے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید اپنی وزارت سے مستعفی ہوکر یہ بات ثابت کر چکے ہیں کہ انہوں نے خبر لیک کر کے قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے وطن سے غداری کا ارتکاب کیا ہے۔ خبر لیک کرنے کے معاملے میں ملوث کچھ لوگ ملک سے باہر بھاگ رہے ہیں۔تحقیقات کر کے اس غداری میں ملوث تمام افراد کو بے نقاب کیا جائے۔غداری کے مرتکب افراد ثبوتوں کے ساتھ قوم اور عدلیہ کے سامنے ہیں۔اب قوم اور عدلیہ انصاف کرے اور اصل غداروں کو کیفرکردار تک پہنچائے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ خبر لیک کرنے کے معاملہ پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقین کے نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈال کر آرٹیکل 6کے تحت ان کے خلاف مقدمات قائم کئے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ ہمیشہ غلط کام کر کے دوسروں کے سر ڈالتی ہے اور انہیں قربانی کا بکرا بناتی ہے۔ ملک و قوم کے غداروں کو نشان عبرت نہ بنایا گیا تو ذمہ دار اداروں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔