ڈاکٹر عاصم کیخلاف نیب کے ریفرنس کی سماعت 12نومبر تک ملتوی

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء) مقامی احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم پر نیب کی جانب دائر462ارب روپے اور17ارب روپے سے متعلق ریفرنسوں کی سماعت 12نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ہفتہ کوکراچی کی احتساب عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم کو طبیعت خراب ہونے کے باعث پیش نہیں کیا گیا۔احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت میں جیل حکام نے ڈاکٹر عاصم کی خرابی صحت سے متعلق رپورٹ جمع کرادی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم کی طبیعت ناساز ہے پیش نہیں ہوسکتے٬جبکہ احتساب عدالت میںملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کو تاحال تمام گواہوں کے بیانات کی نقول فراہم نہیں کی گئیں۔ملزمان کے وکلا کے موقف پر نیب کے وکیل نے بتایا کہ عدالت نے ملزمان کے وکلا کی یہ درخواست پہلے مسترد کرچکی ہے اورانہوں نے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اورعدالت کو اب اس درخواست کی سماعت کااختیار نہیں ہے کہ وہ یہ درخواست سنے۔احتساب عدالت نے دونوں ریفرنس کی مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو مقدمے کی نقول اور ڈاکٹر عاصم کی صحت سے متعلق نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔