Live Updates

عمران خان سیاستدان نہیں وہ صرف دھرنے کی سیاست کرنا جانتے ہیں٬چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام

حکومت ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیئے کام کررہی ہے لیکن عمران خان ہر طرح سے کوشش کرتے رہے ہیں کہ جمہوریت ڈی ریل ہوجائے٬ ماروی میمن

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 17:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء) وزیرمملکت اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کے عمران خان سیاستدان نہیں وہ صرف دھرنے کی سیاست کرنا جانتے ہیں٬ اسلام آباد بند کرنے اور قانون توڑنے کی کسی کو اجازت نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوسرکٹ ہائوس سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع سکھر کے صدر امام الدین کھوسو٬ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری خورشید احمد میرانی ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ماروی میمن نے کہاکہ مسلم لیگ( ن)کی حکومت ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیئے کام کررہی ہے لیکن عمران خان ہر طرح سے کوشش کرتے رہے ہیں کہ جمہوریت ڈی ریل ہوجائے تاہم اسلام آباد میں دھرنے کی سیاست کے باوجود عوام نے پی ٹی آئی کے اس طرز سیاست کو مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) میاں نواز شریف کی قیادت میں مضبوط اور روشن پاکستان کے لیئے کام کررہی ہے یہی وجہ ہے کے ہماری حکومت خواتین کے معاشی مسائل حل کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مزید مستحق خواتین کو اس پروگرام میں شامل کرنے کے لیئے سروے کا عمل جاری ہے۔بعدازاں ماروی میمن نے بی آئی ایس پی کے افسران کے ہمراہ ڈگری کالج کے قریب مستحق خواتین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات