راولپنڈی چیمبر کا برآمدات میں کمی پر تشویش کا اظہار

برآمدات میں اضافے کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنا ہوں گی٬ صدرراجہ عامر اقبال

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 17:27

․راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرراجہ عامر اقبال نے ملکی برآمدات میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پیداواری لاگت میں کمی لائے٬ غیر روایتی شعبوں میں سرمایاکاری بڑھانے کے لیے سہولتیں فراہم کرے اور نئی منڈیاں تلاش کرے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ چند برسوں میں پڑوسی ممالک کے مقابلے میں کاروباری لاگت میں اضافہ ہوا ہے جس سے درآمدات میں اضافہ ہو تا چلا گیا بجلی مہنگی ہونے٬ بنیادی ڈھانچے کی کمی اور ٹیکسوں کی بھر مار سے سرمایاکار بھاگنے پر مجبور ہوا ہے سرمایاکاری واپس لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے ہمیں مقامی صنعت کی بحالی٬ اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے مراعات دینا ہوں گی ٬ قیمتی پتھر٬ زیورات٬ انفارمیشن ٹیکنالوجی ٬ پولٹری اور خدمات جیسے غیر روایتی شعبوں کو ترقی دینا ہو گی ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی برآمدات کا 60فی صد حصہ دار ہے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے نرم شرائط پر قرضے دئیے جائیں اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مد میںچھوٹ دی جائے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ہمیں نئی منڈیاں بھی تلاش کرنا ہوں گی علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں وسطی ایشیائی ملکوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے ہمیں یہاں فضائی اور زمینی راستوں کی بحالی٬ براہ راست پروازوں کے آغاز٬ بہترین ریلوے نیٹ ورک اور سڑکیں بنانا ہو ں گی تاجکستان٬ ازبکستان٬ کرغزستان٬ ترکمانستان اور قزاقستان کے ساتھ دو طرفہ حجم بہت کم ہے ہمیں ان ملکوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کو فعال بنانا ہو گا۔