گرینڈ ٹیچرز الائنس کا مطالبات کے حق مین پرسوں پنجاب بھر کے پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہروں کا اعلان

نظام تعلیم کو نت نئے تجربات کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے٬ حکومت کی سرد مہری کی وجہ سے اساتذہ پنجاب کو احتجاج پر مجبور کر دیا

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 14:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء) گرینڈ ٹیچرز الائنس پنجاب نے ( پیر ) 31 اکتوبر کو اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب بھر کے پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ۔ گرینڈ ٹیچرز الائنس پنجاب کے راہنمائوں ظفر جمیل ٬ سید سجاد اکبر کاظمی٬ چوہدری صفدر ٬ رانا عطاء محمد٬ اسلم گھمن٬ رانا سلطان محمود ٬ ٖظفر اقبال روانہ٬ رانا لیاقت علی نے کہا ہے کہ حکومت کی سرد مہری کی وجہ سے اساتذہ پنجاب کو احتجاج پر مجبور کر دیا گیا ہے۔

نظام تعلیم کو نت نئے تجربات کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔گزشتہ آٹھ سالوں خصوصاً ان تین سالوں سے تعلیمی ترقی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اور اس کی ذمہ داری اساتذہ خصوصاً ہیڈ ٹیچرز پر ڈال کر انہیں دور دراز ٹرانسفرکرکے اساتذہ میں عدم تحفظ کی فضاء پیدا کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب گزشتہ دو سالوں سے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے اعلانا ت کر رہے ہیں۔

لیکن نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا رہا اور جان بوجھ کر اساتذہ کو مایوسیوں کے اندھیروں میں دھکیلا جا رہا ہے۔سرکاری سکولز کو پیف اور دانش اتھارٹی کے حوالے کرکے انہیں ٹھیکے پر چلانے کے نتائج مثبت برآمد نہیں ہونگے۔ سیکرٹری سکولز پنجاب بھی وزیر اعلی پنجاب کے مشیران کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں او ر آج تک وہ ان سروس پرموشن اور اپ ورڈ موبلٹی پیکیج پر عمل درآمد نہیں کرواسکے ۔

حالانکہ ہر ای ڈی او کانفرنس میں وہ افسران کو اس پر عملدرآمد کا کہتے ہیں۔ پنجاب میں ہزار وں کنٹریکٹ اساتذہ تاحال ریگولر نہیں کئے جا سکے۔ ان حالات میں اساتذہ کے پاس پرامن احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔لہذا 31 اکتوبر کو گرینڈ ٹیچرز الائنس میں شامل اساتذہ تنظیمں ضلعی سطح پریس کلبوں کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ نومبر میں دویژنل سطح پر احتجاجی جلسوں کا انعقاد ہوگا اور دسمبر میں پنجاب بھر کے اساتذہ لاہور میں احتجاجی ریلی اور پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔

متعلقہ عنوان :