طولکرم٬ نامعلوم افراد نے فلسطینی شہری کو اغواء کے بعد تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 12:01

طولکرم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں قفین کے مقام پر نامعلوم افراد نے فلسطینی شہری کو اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فلسطینی پولیس اس پراسرار قتل کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا فلسطینی شہری خاندانی جھگڑے کے نتیجے میں قتل ہوا ہے یا یہودی شرپسندوں نے اسے شہید کیا ہے۔

(جاری ہے)

طولکرم کی فلسطینی پولیس کے ترجمان کیپٹن لوئی ارزیقات کا کہنا ہے کہ صبح قریبا ساڑھے چار بجے نامعلوم نقاب پوش افراد نے 48 سالہ بلال کامل ھرشہ کو جنین کے مغرب میں رطعمہ چوکی سے گذرتے ہوئے یرغمال بنایا۔ بلال ھرشہ کو یرغمال بنانے والے افراد کی تعداد سات تھی۔انہوں نے اغواء کے بعد فلسطینی شہری کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس قتل کی تحقیقات کررہی ہے جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بلال کو خاندانی جھگڑے کی بناء پر قتل کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :