اڑان بھرنے سے پہلے ائیرپورٹ پرامریکی جہاز میں آگ بھڑک اٹھی٬8زخمی

بوئنگ 767 طیارہ شکاگو سے میامی جا رہا تھا پہیہ پھٹنے سے انجن خراب ہو ا٬170افرادسوارتھے

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 11:44

شکاگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء)امریکی ایئر لائن کے ایک طیارے میں شکاگو کے اوہیئر ہوائی اڈے پر اڑنے سے قبل آگ لگ گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بتایاکہ یہ بوئنگ 767 طیارہ شکاگو سے میامی جا رہا تھا کہ اس کا ایک پہیہ پھٹ گیا جس سے اس کا انجن خراب ہو گیا۔ سات مسافر اور عملے کا ایک رکن اس واقعے میں زخمی ہو گئے اور انھیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جہاز پر 161 مسافر اور عملے کے نو افراد سوار تھے۔امیریکن ایئرلائن نے ایک بیان میں کہاکہ ہم اپنے مسافروں اور عملے کی دیکھ بھال کر رہے ہیں اور مسافروں کو اسی شام دوسرے جہازوں کے ذریعے میامی بھیج دیا جائے گا۔یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق دن ڈھائی بجے کے قریب پیش آیا۔آگ بجھانے والے عملے نے کہا کہ تین بجے تک آگ بجھا دی گئی تھی۔اسی دوران کوریئر کمپنی فیڈایکس کے ایک جہاز میں فلوریڈا کے شہر فورٹ لاڈرڈیل میں اس وقت آگ لگ گئی جب اترتے وقت اس کی لینڈنگ گیئر نے کام کرنے چھوڑ دیا۔