شام میں کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں اقوام متحدہ کی تحقیق میں تضاد ہے٬ روس

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 11:29

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء) روس نے کہا ہے کہ شام میں کیمیاوی ہتھیاروں کے حملوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی تحقیق کے نتائج قابل اطمینان نہیں ہیں۔اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویٹالی چورکین نے کہا کہ روس کا خیال ہے کہ شام میں کیمیاوی حملوں کے بارے میں کہ جن کا الزام شامی حکومت پر لگایا جاتا ہے٬ اقوام متحدہ کی تحقیق کے نتائج٬ تضادات سے بھرے ہوئے ہیں اور اس کے نتیجے میں یہ قابل اطمینان نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے شامی حکومت کے خلاف کارروائی کے بارے میں فرانس اور برطانیہ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے نتائج یقینی نہیں ہیں اور نہ یہ قانون کی طاقت کے حامل ہیں اور عدالتی فیصلہ کرنے کے لیے ان سے استفادہ نہیں کیا جا سکتا۔اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم کے ارکان نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ شام کی حکومت نے 2014 اور 15 میں تین مرتبہ کیمیاوی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پندرہ رکن ملکوں کے نمائندوں نے بند کمرے میں شام میں کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں اقوام متحدہ کی تحقیقات کی متضاد رپورٹ کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :