پی ٹی آئی قیادت ہائی کورٹ کے حکم کو سامنے رکھے٬ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد وہ چاہے احتجاج کریں٬ دھرنا دیں یا پھر لانگ مارچ ہم انہیں نہیں روکیں گے بلکہ مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 28 اکتوبر 2016 22:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت ہائی کورٹ کے حکم کو سامنے رکھے٬ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد وہ چاہے احتجاج کریں٬ دھرنا دیں یا پھر لانگ مارچ ہم انہیں نہیں روکیں گے بلکہ مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے٬ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا٬ انہوں نے کہا کہ اگر یی لوگ اپنی من مانی کریں گے اور اپنا قانون چلانے کی کوشش کریں گے تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور کسی کو بھی غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دی جائے گی٬ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بہت تیز جماعت ہے جو میڈیا کو استعمال بھی کرتی ہے اور انہیں ڈھال بھی بنانے کی کوشش کرتی ہے اور اس دوران اگر کسی میڈیا پرسن کو کوئی نقصان پہنچا ہے تو ہم آئندہ احتیاط برتیں گے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے٬ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی جمعہ کے روز باہر نکل کر احتجاج کرنے کی کال کو پاکستانی عوام نے پھر سے مسترد کر دیا ہے اور گذشتہ روز پورے ملک میں سے کہیں بھی لوگ باہر نہیں نکلے٬ یہ لوگ پتہ نہیں کس ملک اور کن لوگوں کی بات کرتے ہیں٬ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنے 02 نومبر کے احتجاج کے لیے وزیر داخلہ کو یقین دہانی کرانی ہوگی کہ یہ لوگ قانون کی پاسداری کریں گے اور کوئی غیر قانونی کام نہیں کریں گے لیکن یہ بات بھی یاد رہے کہ پی ٹی آئی کا ماضی کلیر نہیں کیونکہ انہوں نے ماضی کے دھرنے میں کیے گئے وعدوں کی بھی خلاف ورزی کی اور ان سے مکر گئے٬ پاکستان تحریک انصاف نے تو اپنے اختجاج کے لیے آج تک اسلام آباد انتظامیہ کودرخواست تک نہیں دی یہ لوگ قانون کے تقاضے کیا پورے کریں گے۔