راولپنڈی کی سڑکوں پر جمہوریت کو گھسیٹا ٬بیٹیوں کے منہ پر تھپڑ مارے جارہے ہیں ٬ڈاکٹر طاہر القادری

ہماری دو بیٹیوں تنزیلہ اور شازیہ کے قاتلوں کو سزا مل جاتی تو مزید کسی بیٹی پر غیر ہاتھ نہ اٹھتا٬عمران خان اور شیخ رشید نے کیا جرم کیا کہ ان پر اپنے وطن کی زمین تنگ کی جارہی ہے ٬کیا ملکی اداروں کا کام سیاست کے کرپٹ کرداروں کو تحفظ دینا رہ گیا ٬حکمران مافیا ہیں ٬ سربراہ عوامی تحریک کی لندن میں گفتگو

جمعہ 28 اکتوبر 2016 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز کے واقعات ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہیں۔ماڈل ٹائون کے قاتلوں نے اپنے ناجائز اثاثوں کے تحفظ کیلئے مزید سانحات برپا کرنے کی ٹھان رکھی ہے ۔ اگلا کریک ڈائون میڈیا کے خلاف ہو گا۔عمران خان اور شیخ رشید نے کیا جرم کیا کہ ان پر اپنے ہی وطن کی زمین تنگ کی جارہی ہے۔

راولپنڈی کی سڑکوں پر جمہوریت کو گھسیٹا اوربیٹیوں کے منہ پر تھپڑ مارے جارہے ہیں۔ہماری دو بیٹیوں تنزیلہ اور شازیہ کو شہید کرنے والے قاتلوں کو سزا مل جاتی تو مزید کسی بیٹی پر غیر ہاتھ نہ اٹھتا۔اگر غنڈہ گردی ٬لوٹ مار ٬شہریوں کی تذلیل اور انہیں انصاف اور آزادی اظہار کے حق سے محروم رکھنے کا نام جمہوریت ہے تو ایسی جمہوریت پر سو بار لعنت۔

(جاری ہے)

کیا ملکی اداروں کا کام سیاست کے کرپٹ کرداروں کو تحفظ دینا رہ گیا ہی وہ گزشتہ روز لندن میں مقامی تنظیمی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران اپنے ناجائز اقتدار اور اثاثوں کو تحفظ دینے کیلئے کسی حد تک بھی گر سکتے ہیں۔سانحہ ماڈل ٹائون اس کی ایک بڑی مثال ہے۔یہ قاتل برادران چاہتے ہیں کہ ہم ملکی خزانہ لوٹیں یا بے گناہوں کو دن دیہاڑے قتل کریں افواج پاکستان کو بدنام کریں یا عدالتوں پر حملے کریں ٬ضمیروں کی بولیاں لگائیں یا غریب عوام کو بنیادی سہولتیں دینے کی بجائے قومی دولت لوٹ مار کے منصوبوں پر خرچ کریں کوئی ان کے فیصلوں کو چیلنج کرنے والا نہ ہو۔

کوئی ادارہ ان سے سوال کرنے والا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال پر پوری نظر ہے ۔دونوں جماعتوں کے درمیان رابطہ ہے مناسب وقت پر اپنا فیصلہ سنا دوں گا تاہم اب قاتل اقتدار کی بیساکھیاں بننے والے پولیس سمیت حکومت کے جملہ ماتحت اداروں کے سربراہان بھی اپنے انجام کو پہنچیں گے۔حکومت مافیا کا روپ دھار چکی ہے ۔سیاسی آزادیاں سلب کر لی گئیں ۔کسی ادارے میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ ان قاتلوں سے پوچھے کہ ماڈل ٹائون میں 100 لوگوں کو گولیوں کیوں ماریں٬ ملکی دولت لوٹ کر لندن میں محلات کھڑے کیوں کیے اور اس لوٹ مار کا جواب کیوں نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ان قاتلوں کو اپنے اوپر مسلط کیا اب ان سے جان چھڑانے کیلئے بڑی قربانیاں درکار ہونگی۔

متعلقہ عنوان :