لاہورہائیکورٹ کے قیام کو 150سال مکمل ہونے پرمنعقدہونیوالی تقریبات کے انتظامات کاجائزہ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 22:18

ملتان۔28 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان شکیل احمد کی صدارت میں سیشن و سول ججز پر مشتمل خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں لاہور ہائیکورٹ لاہور کے قیام کو 150سال مکمل ہو نے کے سلسلے میں منعقد ہونیوالی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج شکیل احمد ٬سینئر سول جج خالد اقبال خان٬ سول ججزچوہدری محمد شہزاد انور ٬ عابد علی ٬ عماد الدین فضل٬ سیف اللہ بابر جنجوعہ ٬ندیم اصغر ندیم ٬عبدالمنان قریشی اور مس فرح نورنے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم نومبر سے ملتان میںشروع ہونیوالی تقریبات جس میں کرکٹ میچ ٬پرچم کشائی٬ مصوری ٬فوٹو گرافی مقابلہ جات اور سیمینار شامل ہیں کو بھر پور انداز میں منا یا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان شکیل احمد نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ملتان میں منعقد ہونیوالی تقریبات میں ججز صاحبان ٬وکلاء براردی اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کیا جا سکے گا تاکہ باہمی اعتماد سازی میں اضافہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے تقریبات کے سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے مصوری ٬ فوٹو گرافی اور مضمون نویسی کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے آخری تاریخ 15 نومبر مقرر کی گئی ہے فاتحین کوخصوصی انعامات سے بھی نوازا جائے گا ۔