جامعہ سندھ جام شورو میں 2 نئے ٹریکٹر پلانٹیشن سیکشن کے حوالے کرنے کی تقریب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:11

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) جامعہ سندھ جام شورو میں 2 نئے ٹریکٹر پلانٹیشن سیکشن کے حوالے کرنے کے لیے ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی ٬ تقریب میں جامعہ سندھ کے سابقہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابدہ طاہرانی کے دور میں جامعہ کی جانب سے خرید کئے گئے 2 نئے ٹریکٹر اور واٹر ٹینکر جامعہ کے پلانٹیشن سیکشن کے حوالے کیے گئے۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے 2 نئے ٹریکٹروں اور واٹر ٹینکرز کی چابیاں پلانٹیشن کے انچارج پروفیسر مہر علی قاضی کے حوالے کی ڈاکٹر کلہوڑو نے ٹریکٹر اور ٹینکرز پر لگی ہوئی ریشمی ڈوری کاٹ کر٬ رسمی طور پر ٹریکٹر اسٹارٹ کرکے اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام سے افتتاح کی رسم بھی ادا کی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا یہ لمحات ہمیں جامعہ کی سابقہ وائس چانسلر محترم ڈاکٹر طاہرانی کی یاد دلا رہے ہیں٬ جن کی کوششوں سے مالی مشکلات کے باوجود ان ٹریکٹرز کی خریداری عمل میں لائی گئی٬ کیونکہ ان کو جامعہ سندھ کے پھول اور پودوں سے بے انتہا محبت تھی اور انہوں نے جامعہ کو ہمیشہ سرسبز و شاداب دیکھنا چاہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک جامعہ میں موجود پھول٬ پودے پروان چڑھتے رہیں گے٬ تب تک ڈاکٹر طاہرانی کی روح کو ثواب ملتا رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پلانٹیشن سیکشن ان ٹریکٹرز اور ٹینکرز کی اچھی طرح دیکھ بھال کرے گا اور ان کو ہمیشہ بہتر حالت میں رکھے گا۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کی اس سہولت کے اضافے سے جامعہ کے پھولوں٬ پودوں اور باغات کو صاف ستھرا٬ خوبصورت اور سرسبز و شاداب رکھنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر مختلف فیکلٹیز کے ڈینز٬ شعبوں کے سربراہان٬ سینڈیکیٹ ممبران٬ رجسٹرار٬ ڈائریکٹر فنانس٬ افسران٬ اساتذہ اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :