حیدر آباد٬ مہران یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ کے 35 ویں اجلاس کا انعقاد

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:11

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی کی زیر صدارت سینڈیکیٹ کا 35واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سال 2016-17ء کے لئے 2726.592 ملین کابجٹ پیش کیا گیا۔ ڈائریکٹر فنانس منیر احمد شیخ نے سالانہ بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جامعہ کے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر سہولیات کے لئے 1338.966 ملین٬ رٹائر ملازمین کے لئے 292.300 ملین رکھے گئے ہیں جو کل اخراجات کا 60 فیصد ہوتے ہیں جبکہ جامعہ کے دیگر اخراجات میں یوٹلٹی بلز کی مد میں 101.500 ملین٬ تحقیقی امور کی مد میں 72.029 ملین٬ طلبہ کی سکالر شپ کے لئے 54.000 ملین طلبہ اور ملازمین کی سفری سہولیات کے لئے 121.800 ملین شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے گذشتہ سال صرف 100ملین کی مالی مدد کی تھی جس کی وجہ سے جامعہ کو اپنے مالی اخراجات کو پورا کرنے میں کافی دشواری ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس سال بھی سندھ حکومت سے درخواست کی جاتی ہے کہ مناسب گرانٹ جاری کی جائے تاکہ جامعہ کے امور کو بغیر کسی رکاوٹ کے احسن طریقہ سے چلایا جاسکے کیونکہ وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی گرانٹ جامعہ کے امور کی انجام دہی کے لئے ناکافی ہے جسکی وجہ سے جاری مالی سال میں مالی مشکلات پیش آئینگی۔

اجلاس میں مہران یونیورسٹی کے ریٹائرہونے والے ملازمین کی خدمات کو سراہا گیا اور فوتی ملازمین کے لئے دعا مغفرت کی گئی۔ 35ویں سینڈیکیٹ کے اجلاس میں پرووائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی٬ پرووائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپورمیرس انجینئر غلام سرور کندھر٬ فیکلٹیز کے ڈینوں٬ ڈائریکٹر٬ چیئرمین٬ پروفیسروں٬ سینیٹ کے ممبران اور الحاقی کالجز کے پرنسپلزنے شرکت کی جبکہ معزز ممبران کی جانب سے یونیورسٹی کے تدریسی اور تحقیقی منصوبوں اور کارکردگی کے حوالے سے تجاویز اور مشورے دیئے گئے۔