عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری منظر عام پر لانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی

سماعت کے لئے فل بینچ کو بھجوا دیا گیا ٬ جسٹس یاور علی کی سربراہی میں فل بنچ انکوائری منظر عام پر لانے کی درخواستوں پر سماعت کریگا

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری منظر عام پر لانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی جسے سماعت کے لئے فل بینچ کو بھجوا دیا گیا ٬ جسٹس یاور علی کی سربراہی میں فل بنچ انکوائری منظر عام پر لانے کی درخواستوں پر سماعت کریگا۔

(جاری ہے)

عوامی تحریک لاہور کے جنرل سیکرٹری سید فرزند مشہدی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی درخواست پر سانحہ ماڈل ٹائون کی جوڈیشل انکوائری کرائی گئی٬ جسٹس علی باقر نجفی نے جوڈیشل انکوائری مکمل کر کے ہوم سیکرٹری پنجاب کو بھجوا دی ۔

جوڈیشل انکوائری میں حکومت کو سانحہ ماڈل ٹائون کا ذمہ دار قرار دیا گیا٬ اس لئے حکومت جوڈیشل انکوائری کو منظر عام پر نہیں لانا چاہتی٬ اگر جوڈیشل انکوائری منظر عام پر نہ آئی تو کسی ذمہ دار کو سزا نہیں ملے گی۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب حکومت کو جوڈیشل انکوائری منظر عام پر لانے کا حکم دیا جائے۔ رجسٹرار آفس نے درخواست سماعت کیلئے فل بنچ کو بھجوا دی٬ جسٹس یاور علی کی سربراہی میں فل بنچ انکوائری منظر عام پر لانے کی درخواستوں پر سماعت کریگا٬ فل بنچ کی درخواستوں پر سماعت کی تاریخ مقرر ہونا ابھی باقی ہے۔