جمعیت علما اہل حدیث کا پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت

حکمرانوں کی نااہلی کے باعث جمہوریت خطرے میں ہے‘ نواز شریف مارشل لا کے طریقے جمہوریت بنا کر پیش کریں گے٬ تو تشدد کا ماحول پیدا ہوگا٬ قاضی عبدالقدیر خاموش

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) جمعیت علما اہل حدیث پاکستان کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش نے پی ٹی آئی کے یوتھ کنونشن ٬ عمران خان کے گھر کا دھاوا بولنے اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث جمہوریت خطرے میں ہے۔ نواز شریف مارشل لا کے طریقے جمہوریت بنا کر پیش کریں گے٬ تو تشدد کا ماحول ہی پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہا ہے کہ جمہوریت میں اختلافات رائے اور احتجاج اپوزیشن کا حق ہے ٬ جس کی آئین اجازت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن اگر تشدد کیا جائے گا تو اس سے اپوزیشن کی تحریک مضبوط اور حکومت کمزور ہوگی۔ اس لئے انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔تشدد اور خوف سے کوئی تحریک کمزور نہیں ہوتی۔ خاص طور پر پی ٹی آئی کے یوتھ کنونشن پر پولیس کے دھاوا بولنے سے خواتین پر تشدد سے حکومت کی ذہنی کیفیت کا انداز ہو جانا چاہیے۔ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ پاکستان جمہوری ملک ہے٬ اسے جمہوری انداز سے چلنے دینا چاہیے۔ جمہوری روایات اور آزادی اظہار رائے کو پنپنے کا موقع دیا جائے٬ چاہے حکمرانوں کا ذاتی ایجنڈا اس سے متاثرہ ہی کیوں نہ ہوتا ہو۔